ابوظہبی ٹیسٹ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز جاری ہے اور اب سے تھوڑی دیر پہلے تک کیویز نے پاکستان کی 74 رنز کی برتری ختم کرتے ہوئے اپنی بیٹنگ جاری رکھی ہوئی ہے۔
نیوزی لینڈ نے تیسرے دن اپنی دوسری اننگز کا آغاز 56 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ کیا تو کپتان کین ولیمسن37 رنز بنا کر یاسر شاہ کا شکار بنے، اس کے فورا بعد آنے والے ٹیلر بھی کچھ خاص نہ کر سکے اور وہ 19 رنز بنا سکے،انہیں بھی یاسرشاہ نے آوٹ کیا۔
اوپننگ بلے باز جیت راول حسن علی کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے ، انہوں نے 46 رنز بنائے۔
اس وقت نکولز اور واٹلنگ وکٹ پر موجود ہیں اور نیوزی لینڈ نے کھانے کے وقفے کے تک پاکستان پر 68 رنز کی برتری حاصل کر لی ہے جبکہ اس کی 6 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔
گزشتہ روز پاکستان ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 227 رنز بناکر آؤٹ ہوئی تھی، سرفراز الیون کے بابر اعظم 62، اسد شفیق 43،حارث سہیل 38 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکور رہے، محمد حفیظ 20، اظہر علی 22 اور بلال آصف 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے جبکہ 4 بیٹسمین دہرا ہندسہ عبور کرنے میں بھی ناکام رہے ۔
گرین شرٹس نے دوسرے دن 59 رنز 2وکٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی، لنچ سے پہلے حارث سہیل 38 اور اظہر علی 22 رنز بناکر آئوٹ ہوئے تو 91 کے اسکور پر 4 وکٹ گر چکی تھیں۔
اس کے بعد اسد شفیق نے بابر اعظم کے ہمراہ 83 رنز کی شراکت قائم کی،174 کے اسکور پر اسد شفیق 43 رنز بناکر ٹرنٹ بولٹ کا شکار بن گئے ۔
اس کے بعد کوئی کھلاڑی زیادہ نہ ٹہر سکا،گرین شرٹس کی آخری 6 وکٹیں صرف 52 رنز کے اضافے پر گر گئیں، کپتان سرفراز احمد 2، بلا ل آصف 11، یاسر شاہ 9 حسن علی 4 رنز بناکر آوٹ ہوئے جبکہ آخری وکٹ اننگز کے ٹاپ اسکور بابر اعظم کی گری جو 62 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
یوں پاکستان کی پہلی اننگز 74 رنز کی برتری پر تمام ہوئی،نیوزی لینڈ کے ٹرنٹ بولٹ نے 4، گریم ہوم اور پٹیل نے 2،2وکٹ اپنے نام کیں۔