• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امیر تبلیغی جماعت حاجی عبدالوہاب رائیونڈ میں سپرد خاک

تبلیغی جماعت کے امیر حاجی محمد عبدالوہاب کی نماز جنازہ ادا انہیں رائے ونڈ میں سپرد خاک کردیا گیا۔

تبلیغی جماعت کے تیسرے امیر حاجی عبدالوہاب ایک ہفتہ قبل ڈینگی بخار کی وجہ سے جوہر ٹاؤن لاہور کے نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا،جہاں دوران علاج خالق حقیقی سے جا ملے۔

ان کی نماز جنازہ میں سوگواروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، مرحوم کی عمر 95 برس تھی،وہ کچھ عرصے سے سانس اور سینے کے عارضے میں بھی مبتلا تھے ۔

مولانا نذرالرحمن نے رائے ونڈ تبلیغی اجتماع گاہ کے پنڈال میں حاجی عبدالوہاب کی نماز جنازہ پڑھائی، جس میں اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی، صوبائی وزیر حافظ عمار یاسر، جامعہ اشرفیہ کے مہتمم مولانا حافظ فضل رحیم اشرفی سمیت ہزاروں افراد شریک ہوئے۔

نماز جنازہ سے قبل مولانا طارق جمیل نے خصوصی خطاب کیا، مرحوم کا جسدِ خاکی مرکز تبلیغی جماعت سےملحقہ بابا دولا مولا قبرستان رائے ونڈ میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔

حاجی محمد عبدالوہاب یکم جنوری 1923ء کو دہلی میں پیدا ہوئے، تقسیم ہند کے بعد ٹوپیاں والا،بورے والا ضلع وہاڑی منتقل ہو گئے، اعلیٰ تعلیم گورنمنٹ اسلامیہ کالج لاہور سے حاصل کی۔

وہ تحصیل دار رہے اور مجلس احرار اسلام کے ساتھ بھی منسلک رہے 1944ء میں تبلیغی مرکزنظام دین دہلی میں تبلیغی جماعت کے بانی مولانا محمد الیاس کاندھلوی سے ملاقات ہوئی، 6ماہ آپ کی رفاقت میں گزارے، پھر ملازمت چھوڑ ی اور زندگی دعوت وتبلیغ کے لیے وقف کردی۔

تازہ ترین