• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان اور اماراتی ولی عہد کی ملاقات

وزیراعظم عمران خان نے ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد زائد النہیان سے ملاقات کی،جس میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے باہمی اور تجارتی تعلقات اور سرمایہ کاری بڑھانے پر بات کی گئی۔

ابوطہبی میں صدارتی محل میں ہونے والی ملاقات میں دونوں سربراہان مملکت کے درمیان باہمی دلچسپی سے متعلق علاقائی اور بین الاقوامی صورتحال پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

ابوظبی کے ولی عہد نےکہا کہ وزیراعظم عمران خان کے دورے سے پاک امارات تعلقات مضبوط ہوں گے،پاک عرب امارات تعلقات تعاون و عزت و احترام کے مضبوط رشتے پر مبنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امید ہے تمام شعبوں میں پاک عرب امارات کو فروغ ملے گا، عرب امارات ترقی کے تسلسل، امن و سلامتی کےحصول کیلئے پاکستان سے تعلقات بڑھا رہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے عرب امارات سے مختلف شعبوں میں تعلقات کے فروغ پر زور دیا، دونوں ملکوں نے دہشت گردی اور انتہا پسندی سے درپیش خطرات سے نمٹنے میں تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔

ملاقات میں پاکستان اور عرب امارات کے تعلقات کو طویل مدتی معاشی و اسٹریٹجک تعاون میں تبدیل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان نے مہمانوں کی کتاب میں عرب امارات کی حکومت کی میزبانی پر اظہار تشکر کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے ابو ظہبی میں شیخ زید گرینڈ مسجد کا دورہ کیا اور وہاں نماز ادا کی۔

اس سے پہلے متحدہ عرب امارات کے دورے پر وزیر اعظم عمران خان ابوظہبی صدارتی محل پہنچے، تو ولی عہد شیخ محمد بن النہیان نے ان کا استقبال کیا۔

صدارتی محل میں وزیراعظم عمران خان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ تھے۔

تازہ ترین