• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جدہ:عرفان صدیقی کی کتاب کی تقریب رونمائی،پاکستانی سفارتکار کی شرکت

سعودی عرب کے شہر جدہ کے پاکستانی قونصل خانے میں متعین پریس قونصلر ارشد منیر نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم میں سیاست ،معیشت ،علم اور ادب کے حوالے سے شعور میں اضافہ خوش آئند ہے یہی وجہ ہے کہ آج سینئر صحافی و کالم نگار محمد عرفان صدیقی کی کتاب پاکستان سے جاپان تک کی تقریب رونمائی میں اتنی بڑی تعداد میں پاکستانی کمیونٹی جمع ہے ۔

انھوں نےیہ بات عرفان صدیقی کی کتاب کی تقریب رونمائی سے اپنے خطاب میں کہی ، اور مسلم لیگ ن سعودی عرب کے صدر ملک منظور اعوان اور چیئر مین چوہدری اکرم کی جانب سے علم و ادب کی محفلیں سجانے پر انھیں مبارکباد بھی پیش کی ،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سعودی عرب میں مقیم سینئر صحافی ارسلان ہاشمی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی کمیونٹی پاکستان کی معیشت میں اہم کردار ادا کررہی ہے اور عرفان صدیقی کی کتاب نہ صرف اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندگی کرتی ہے بلکہ ان کے مسائل کو بھی اعلی حکام کے سامنے بہترین طریقے سے پیش کرتی ہے ۔

ن لیگ سعودی عرب کے چیرمین چوہدری اکرم نے کہا کہ ہمیں بڑی خوشی ہے کہ اس اہم تقریب کے انعقاد کا موقع ہمیں ملا جہاں ہر جماعت اور شعبے سے تعلق رکھنے والے علم دوست پاکستانی موجود ہیں ہم عرفان صدیقی صاحب کے بھی شکر گزار ہیں کہ انھوں نے اس تقریب کی میزبانی کا موقع ہمیں فراہم کیا۔ملک منظور نے شرکاء سے کہا کہ عرفان صدیقی نئی نسل کے لیے رول ماڈل ہیں ان کی تحریریںسمندر پار پاکستانیوں کی ترجمانی کرتی ہیں ۔

عالمی مرکز اردو ادب کے جنرل سیکریٹری حامد اسلام نےکہا کہ انھیں عرفان صدیقی کے کالم اور ماضی میں شائع ہونے والی کتاب پڑھنے کا موقع ملا ہے اور وہ سمجھتے ہیں عرفان صدیقی کے قلم میں حق اور سچ کہنے کی طاقت موجود ہے جس کی پاکستانی قوم کو اشد ضرورت ہے۔ سینئر صحافی اور تقریب کے منتظم ریاض گھمن نے عرفان صدیقی کی کتاب کی جدہ میں تقریب رونمائی کو باعث فخر قرار دیا۔

تقریب سے مسلم لیگ رہنمائوں ملک محی الدین اعوان،سردار اقبال،پاکستان تحریک انصاف گلف کے آرگنائزر قاسم دستی ،پیپلز پارٹی کے ملک شمس نے بھی خطاب کیا ۔عرفان صدیقی نے کہا کہ ان کی کتاب عوام کے مسائل کو ایک مختلف نظر سے دیکھنے کا نظریہ فراہم کرتی ہے اس کتاب میں جاپان میں ہونے والی ترقی کی وجوہات کو اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ ہماری قوم بھی ترقی کے راستے پر چل کر خوشحال قوم کی صفوں میں شامل ہوسکے ۔ آخر میں عرفان صدیقی نے اپنی نئی کتاب پاکستان سے جاپان تک شرکاء میں تقسیم کی ۔

تازہ ترین