• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان کے دورہ یواے ای کا اعلامیہ جاری


وزیراعظم عمران خان کے ایک روزہ دورہ متحدہ عرب امارات کا سرکاری اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ممالک کی قیادت نے دفاعی اور سیکیورٹی شعبوں میں تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

حکومت پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کراؤن پرنس شیخ محمد بن زائد النہیان کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی یو اے ای گیا ، جس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر پٹرولیم غلام سرور خان، وزیر توانائی عمر ایوب، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ تھے۔

صدارتی محل پہنچنے پر وزیراعظم کا استقبال شیخ محمد بن زائد النہیان نے کیا، وزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں صدارتی محل میں تقریب بھی منعقد ہوئی۔

بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے کراؤن پرنس شیخ محمد بن زائد النہیان سے ملاقات کی، ملاقات میں پاک یو اے ای تعلقات کو طویل المدتی معاشی و اسٹریٹجک تعاون میں تبدیل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے دورہ متحدہ عرب امارات میں نائب صدر شیخ محمد راشد المکتوم سے ملاقات کی ۔

ملاقات میں دفاع ،تجارت ،سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ۔

ابوظہبی سے دبئی پہنچنے پر شیخ راشد المکتوم نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا ۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ملکوں کے وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے، مذاکرات میں باہمی دلچسپی کے عالمی اور علاقائی امور پر بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنے دورے کے دوران شیخ زید مسجد اور یاد گار شہداء بھی گئے۔

تازہ ترین