• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت کشمیر ی عوام کو حق خودارادیت دے کر امن کیلئے راہ ہموار کرے،ڈیبی ابراہم ایم پی

مانچسٹر (نیوز ڈیسک) برطانوی پارلیمنٹ میں قائم آل پارٹیز پارلیمنٹری گروپ کی نومنتخب چیئرپرسن ایم پی ڈیبی ابراہم نے بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ گروپ کی رپورٹ میں دی گئی سفارشات پر عمل کرے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کر کے کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق خود ارادیت دے کر برصغیر میں پائیدار امن کے لیے راہ ہموار کرے۔ آل پارٹیز پارلیمنٹری گروپ اپنی کوششوں میں مزید تیز کرے گا۔ ہم ناصرف پارلیمنٹ میں کردار ادا کر کے چوتھی بحث کے لیے کردار ادا کریں گے بلکہ پارلیمنٹ کے باہر وزیر خارجہ سے ملاقات گروپ کے عہدیداروں سے ملاقات کر کے حالیہ رپورٹ کی روشنی میں برطانوی حکومت کے کردار اور برٹش کشمیریوں کے احساسات اور ریاست جموں و کشمیر میں دونوں ممالک کی طرف سے بگڑتی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے کردار ادا کیا جائے۔ میں اور میری پوری ٹیم مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کروانے کے لیے جماعتی و سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر ایک غیر جانبدار گروپ کی حیثیت سے مؤثر لابی کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار آل پارٹیز پارلیمنٹری گروپ کی نومنتخب چیئرپرسن ایم پی ڈیبی ابراہم نے تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل کے کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت چیئرمین تحریک حق خود ارادیت انٹر نیشنل راجہ نجابت حسین کررہے تھے جب کہ سرپرست اعلیٰ سردار عبدا لرحمن خان، سابق لارڈ میئر بریڈ فورڈ راجہ غضنفر خالق ، سابق میئر کونسلر شعیب اختر و دیگر شامل تھے ۔ اس موقع پر وفد کے ممبران نے نومنتخب چیئرپرسن آل پارٹیز کشمیر گروپ ڈیبی ابراہم کو مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا اور تحریکی عہدیداروں کی جانب سے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ اس موقع پر ممتاز کشمیری رہنما خرم پرویز کی ایک ہزار سے زائد انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مشتمل رپورٹ ایم پی ڈیبی ابراہم کے حوالے کی اور اپنی تنظیم کی طرف سے مستقبل میں بھی مکمل تعاون کا یقین دلایا ۔ وفد نے 30نومبر کو اولڈہم میں خواتین کانفرنس اور 10دسمبر کو انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر برطانوی پارلیمنٹ میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت کی دعوت بھی دی جسے ڈیبی ابراہم نے قبول کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس سے قبل بھی کام پر یقین رکھتی تھیں اب وہ پہلے سے زیادہ عملی اقدامات اٹھائیں گی تاکہ کشمیریوں کے حق میں مؤثر آواز بلند ہو سکے۔ اس موقع پر وفد کے سربراہ و چیئرمین تحریک حق خود ارادیت راجہ نجابت حسین نے شیڈو وزیر خارجہ، دیگر شیڈو وزراء ، ممبران پارلیمنٹ سے رابطوں اور ملاقاتوں بارے نومنتخب چیئرپرسن کو بتایا اور کہا کہ تحریک حق خود ارادیت نے ماضی میں بھی کشمیر پارلیمنٹری گروپ سے تعاون کیا ہے اور آئندہ بھی تعاون کرے گا۔ اس موقع پر کونسلر شعیب اختر نے ڈیبی ابراہم کو فروری میں دورہ آزاد کشمیر کی دعوت دی کہ وہ آزاد کشمیر کا دورہ کریں اور کشمیری نمائندوں سے ملاقات کریں۔ اس موقع پر تحریک کے سرپرست سردار عبدالرحمن خان نے کہا کہ حالیہ رپورٹس اور گذشتہ سال ہونے والی پارلیمنٹ کی بحث حوصلہ افزا ہے۔ مگر ان پر عملدرآمد کروانے کے لیے عالمی برادری کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ پاکستان کے علاوہ خود آل پارٹیز گروپ کو اقوام متحدہ کی طرف رجوع کرنا چاہئے۔
تازہ ترین