• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنرل زبیر حیات کی شاندار تقریر پر جیمز شیرا کا خراج تحسین

لندن ( نیوز ڈیسک ) ماہر تعلیم ،سابق میئر رگبی اور رگبی بورو کونسل میں لیبر گروپ کے سابق رہنما جیمز شیرا نے کراچی میں ’’ دی فیوچر سمٹ‘‘ پر شاندار تقریر کے اعتراف میں جنرل زبیر حیات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریر میں جنرل زبیر نے پاکستان کی درست تصویر پیش کی اور اس سرزمین پر رہنے کیلئے ہر شعبہ زندگی میں ثقافت ، دولت ، روایات ، برداشت اور مواقعوں کی پرانی روایات پر روشنی ڈالی۔ ان کی تقریر نے ماضی قریب میں کسی بھی رہنما سے زیادہ بہتر انصاف کی بات کی۔ انہوں نے اپنی تقریر کسی نوٹس اور ٹیلی پرومپٹر کی مدد کے بغیر اپنے دل اور روح کی گہرائی سے حقائق اور اعدادوشمار کی روشنی میں کی جس نے ہمیں اپنے وطن اس کے اداروں بشمول مسلح افواج اور بالخصوص نوجوان نسل پر فخر کرنے کا موقع فراہم کیاجو کہ خود کو دنیا میں انتہائی متحرک ، منتظم اور ذہین ثابت کر چکے ہیں انہوں نے کہا کہ ہمارےسیاست دانوں اور سول رہنمائوں کو میرے پاکستان یاتمہارے پاکستان کی بات نہیں کرنی چاہئے بلکہ ہمارے پاکستان کی بات کریں جیسا کہ جنرل صاحب نے درست طور پرکہا۔ معروف ماہر تعلیم نے مزید کہا کہ جنرل زبیر کی پوری تقریرمکمل شفاف ، امید اور ہر چیلنج سے نبرد آزماہونے کی اہلیت کی غماز تھی۔پاکستان کی اقلیتی کمیونٹی کے ایک رکن کی حیثیت سے میں اعتراف کرتا ہوں کہ ان کی تقریر نے میرا دل جیت لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب مجھے کوئی شبہ نہیں کہ ہم قائداعظم کے پاکستان کی سمت بڑھ رہے ہیں جہاں ہر شہری کو اس کے مذہب، رنگ ،نسل اور زبان کا امتیاز کئے بغیر یکساں حقوق حاصل ہوں گے۔
تازہ ترین