• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلم ریسورس سینٹر کے تنظیمی امور طے، چیئرمین، جنرل سیکرٹری منتخب

کوونٹری (وقار ملک) مسلم ریسورس سینٹر کے تنظیمی امور طے پا گئے،18منتخب ممبران نے سابق چیئرمین(MRC) چوہدری محمد یونس منہاس کی صدارت میں ہونے والے اپنے پہلے اجلاس میں چیئرمین اور جنرل سیکرٹری سمیت3کوپ ممبرز منتخب کرلئے۔ کمیونٹی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، سینٹر کو باہمی اعتماد، محبت بھائی چارے اور اصل مقاصد کے حصول کے لئے چلانے کے لئے کمیونٹی کی طرف تعاون کی یقین دہانی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم ریسورس سینٹر1993ء میں برطانوی حکومت اور کوونٹری کونسل کے تعاون سے بنایا گیا۔ برطانیہ میں یہ پہلا سینٹر پاکستانیوں و کشمیریوں کی شبانہ روز محنت سے قائم ہوا تاکہ مسلمانوں بالخصوص پاکستانیوں اور کشمیریوں کے بنیادی مسائل حل کئے جائیں3کنال پر مشتمل رقبہ پر قائم یہ وسیع و عریض سینٹر صرف اور صرف برطانیہ کے شہر کوونٹری میں قائم کیا گیا یہی وجہ ہے کہMRC کی اہمیت و افادیت میں دن بدن اضافہ ہوتا گیا۔ مسلم کمیونٹی اپنے مسائل کے حل کے لئے اسی سینٹر کا رخ کرتی ہے۔ گزشتہ ہفتہMRC کے انتخابات کے جس کے ذریعے18مختلف مسلم کمیونٹی کے افراد کو ووٹ کے ذریعے منتخب کرلیا گیا۔ انتخابات کے بعد ہونے والے پہلے باضابطہ اجلاس میں محمد غلام شبیر کو چیئرمین اور راجہ اصغر نمبل کو بلا مقابلہ جنرل سیکرٹری منتخب کر لیا گیا۔ اجلاس میں متفقہ طور پرعامر چوہدری، چوہدری قمر، چوہدری کامران کو کوپ(Cop) ممبر منتخب کیا گیا۔ اس موقع پر آزاد کشمیر سے مخنتب ہونے والے ممبران چوہدری الیاس دین، راجہ اشفاق نے کہا کہ ہمارے تحفظات اپنی جگہ پر موجود ہیں لیکن ہم سینٹر کو اور کمیونٹی کے وسیع تر مفاد کی خاطر سسٹم کو چلانے اور اس میں بہتری لانے کے اقدامات پر زور دیں گے۔ ہماری خواہش ہے کہMRCعوام الناس کی خدمت کرے تاکہ اصل اہداف حاصل کئے جاسکیں انہوں نے کہا کہ انہیں عہدوں کی لالچ نہیں وہ ترقی پسند ہیں اور ترقی کے لئے کام کریں گے۔ بعدازاں یونس گروپ کے منتخب چیئرمین اور جنرل سیکرٹری،Copممبرز نے کمیونٹی کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ اس موقع پر کونسلر نعیم خان، سابق لارڈ میئر چوہدری شبیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی کو خوشحالی کی طرف راغب کرنے کے لئے آپس میں اتحاد و یگانگت کی اشد ضرورت ہے۔ سینٹر کی ترقی کے لئے آپس میں تعاون کرنا ہوگا۔ منتخب چیئرمین غلام شبیر، جنرل سیکرٹری اصغر نمبل سیکرٹری چوہدری احمد علی نے کہا کہ ہمارا مقصد کمیونٹی کی خدمت ہے اور اس سلسلے میں انہوں نے عرصہ40سال سے خدمات سرانجام دی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ آج کمیونٹی نے ہم پر بھرپور اعتماد کیا۔ ہمارے دروازے کمیونٹی کے لئے ہمیشہ کھلے رہیں گے اور ان کی خدمت کرتے رہیں گے۔ سابق جوائنٹ چیئرمین مشتاق دین نے کہا کہMRC کی انتظامیہ اور چیئرمین محمد یونس مبارک باد کے مستحق ہیں۔ جنہوں نے صاف شفاف الیکشن کرائے اور باصلاحیت افراد پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جس سے کمیونٹی مستفید ہوگی۔ ممتاز کشمیری رہنما حاجی مبارک کیانی مسجد کمیٹی کے صدر چوہدری عارف محمود نظامی نے کہا کہ انتخابات کے ذریعے کمیٹی کی تشکیل ایک بہترین عمل ہے اب ہمیں آگے کی سوچنی ہے تاکہ برطانیہ میں رہے کر اپنی نوجوان نسل کے مستقبل روشن کرسکیں۔ سابق چیئرمین چوہدری محمد یونس منہاس نے کہا کہ میں اپنی ذمہ داری سے سرخرو ہوا ہوں، یہ ایک بھاری ذمہ داری تھی۔(Cop) ممبرز عامر چوہدری، قمر چوہدری، کامران چوہدری نے بھی اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لئے خدمات سرانجام دیں گے۔ دریں اثناء کمیونٹی کی سینٹر میں آمد کے موقع پر ڈھول کی تھاپ پر استقبال کیا گیا اور فائر ورک کیا گیا جس سے کمیونٹی خاصی محظوظ ہوئی اور نئی آنے والی تبدیلی پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔ ممتاز کمیونٹی رہنما راجہ امیر افضل نے صاف شفاف انتخابات کروانے پر انتظامیہ اور منتخب ممبران کو مبارک باد دی۔
تازہ ترین