• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ابو ظبی،یاسر اور حسن نے پانچ،پانچ وکٹیں بانٹ لیں،نیوزی لینڈ 249رنز پر آئوٹ


ابوظبی(جنگ نیوز) لیگ اسپنر یاسر شاہ اور فاسٹ بولر حسن علی نے پانچ پانچ وکٹوں کا بٹوارا کرتے ہوئے پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں جیت کی راہ پر گامزن کردیا ہے۔ ہنری نکولس اور بی جے واٹلنگ کی بڑی شراکت کے بعد بولر پاکستان کو میچ میں واپس لے آئے۔ کیویز دوسری اننگز میں 249 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور پاکستان کو جیت کے لیے 176 رنز کا ہدف دے دیا۔ اتوار کو تیسرے دن کھیل کے اختتام پر گرین کیپس نے دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے37رنز بنائے تھے۔ اسے جیت کے لئے مزید139رنز درکار ہیں۔ اوپنر امام الحق چار چوکوں کی مدد سے23گیندوں پر25 اور محمد حفیظ 25 گیندوں پر8رنز بناکر ناٹ آئوٹ ہیں۔ گذشتہ سال ابوظبی میں پاکستانی ٹیم کو سری لنکا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔136رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں114رنز بناکر آئوٹ ہوکر میچ21رنز سے ہار گئی تھی ۔ حسن علی اور یاسر شاہ نے پاکستان کی جانب سے ایک ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں پانچ پانچ وکٹیں لینے کا کارنامہ14سال بعد انجام دیا۔2004میں میلبورن میں شعیب اختر اور دانش کنیریا نے ایک ہی اننگز میں پانچ پانچ وکٹ حاصل کئے تھے۔ حسن علی نے کیریئر میں پہلی اور یاسر شاہ نے 14ویں بار اننگز میں پانچ وکٹ لیے ۔ حسن علی نے 45اور یاسر شاہ نے 110رنز دیے ۔ کرس واٹلنگ اور نکولس نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں 112رنز کا اضافہ کر کے نیوزی لینڈ کو میچ میں واپس لانے میں اہم کردار اد کیا۔ نکولس کے 55 رنز بنا کر آؤٹ ہونے کے بعد بقیہ پانچ وکٹیں اسکور میں صرف 30رنز کا اضافہ کر سکیں۔ تیسرے روز نیوزی لینڈ نے56 رنز ایک کھلاڑی کے نقصان پر اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تو 86کے مجموعی اسکور پر کپتان کین ولیمسن 37رنز پر یاسر شاہ کی شاندار لیگ بریک پر بولڈ ہوگئے۔ راس ٹیلر 19 رنز بناکر 105کے مجموعی اسکور پر حسن علی کا شکار بنے تو 108 رنز کے مجموعی اسکور پر حسن علی نے اسی اوور میں جیت راول کی46رنز کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا ۔ 108رنز پر 4وکٹیں گنوانے کے بعد نکولس اور بی جے واٹلنگ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چائے کے وقفے تک ٹیم کا اسکور200رنز تک پہنچادیا ۔ یاسر شاہ نے 220 کے مجموعے پر نکولس کو کپتان سرفراز احمد کے ہاتھوں اسٹمپ کروا دیا۔ نکولس نے55رنز بنائے، گرینڈ ہوم آئوٹ ہونے کے چھٹے بیٹسمین تھے جو صرف 3رنز کا اضافہ کرپائے،227کے اسکور پر یاسر شاہ نے پہلے واٹلنگ کو آؤٹ کیا جس کے بعد ویگنر کو صفر پر آؤٹ کرکے کیوی ٹیم کو یکے بعد دیگرے 2 وکٹوں کے نقصان سے دوچار کردیا ۔ سودھی نے18 رنز بنا کر کچھ مزاحمت کی کوشش کی تھی لیکن حسن علی نے انہیں وکٹ پر مزید ٹھہرنے کی مہلت نہ دی جس کے بعد 249 کے ہی اسکور پر ٹرینٹ بولٹ بھی حسن علی کی وکٹ بن گئے۔ پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز کے153رنز کے اسکور کے مقابلے میں صرف 227 رنز ہی بنانے میں کامیاب ہوئی تھی اور صرف 74 رنز کی برتری ہی حاصل کر پائی تھی۔ 

تازہ ترین