• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوٹرن،عظیم قیادت کی پہچان،اہداف حاصل کرنے کیلئے یوٹرن لینا بڑے لیڈر کی نشانی،ناجائز ذرائع کی آمد نی چھپانے کیلئے جھوٹ بولنا بے ایمانوں کا شیوہ،عمران خان

اسلام آباد،دبئی (صالح ظافر، ماریانہ بابر،خبر ایجنسیاں)وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مقاصد کے حصول کے لیے یوٹرن لینا عظیم قیادت کی پہچان ہوتی ہے،اہداف حاصل کرنے کیلئے یوٹرن لینا بڑے لیڈر کی نشانی جبکہ ناجائز ذرائع کی آمدنی چھپانے کیلئے جھوٹ بولنا بے ایمانوں کا شیوہ ہے، دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے وزراء اور آرمی چیف کے ہمراہ ابوظہبی کے ولی عہداور اماراتی قیادت سے ملاقاتیں کیں جس میں اقتصادی تعاون بڑھانے اور اسٹریٹجک شراکت داری پر اتفاق کیا گیا۔صدارتی پیلس میں ہونے والی ملاقات کے دوران دونوں ممالک کےدرمیان باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ منی لانڈرنگ، انسانی و منشیات کی اسمگلنگ سے نمٹنےکیلئے تعاون بڑھانے پربھی اتفاق کیا گیا، دونوں ممالک نےجاری دفاع اور سیکورٹی تعاون پر بھی اظہار اعتماد کیا جبکہ ہر طرح کی دہشتگردی کی مذمت بھی کی۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم نےشیخ زاید عظیم جامع مسجد کا دورہ کرکے نماز ادا کی اور پاکستان کی ترقی وخوشحالی کیلئے دعائیںکیں۔تفصیلات کےمطابق وزیراعظم عمران خان نے اپنے پہلے بیان پر قائم رہتے ہوئے اتوار کوسوشل میڈیا پیغام میں اس بات پر دوبارہ زور دیا کہ کسی بھی مقصد کے حصول کیلئے یوٹرن لینا عظیم قیادت کا طرہ امتیاز ہےجبکہ ناجائز ذرائع سے کمائی گئی دولت کو بچانے کیلئے جھوٹ بولنا عادی مجرموں (دھوکے بازوں) کی علامت ہے۔دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان ایک روزہ سرکاری دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے جہاں انہوں نے ولی عہدشیخ زاید بن سلطان النہیان سے ملاقات کی، صدارتی محل میں ہونے والی ملاقات کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر پیٹرولیم غلام سرور،وزیر خارجہ شاہ محمود، توانائی کے وزیر اور مشیر تجارت سمیت سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ اور دیگر بھی شریک تھے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس سے قبل دبئی انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر یو اے ای کے وزیر مملکت سلطان بن جابر نے پاکستانی وفد کا استقبال کیا،وزیراعظم عمران خان صدارتی محل پہنچے تو انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔اس موقع پر متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی کمانڈر بھی موجود تھے۔علاوہ ازیںوزیر اعظم عمران خان نے ابو ظہبی میں شیخ زید عظیم جامع مسجد کا دورہ کیا، جامع مسجد کے منتظم اعلیٰ یوسف العبید نے وزیر اعظم پاکستان کا والہانہ خیرمقدم کیا، عمران خان نے مسجد میں نماز ادا کی،عالم اسلام اور پاکستان کی ترقی وخوشحالی امہ کی سلامتی اور مسلم ملکوں کے استحکام کی دعا کی ۔

تازہ ترین