• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خاشقجی قتل پر آئندہ ہفتے حتمی رپورٹ جاری کردیں گے،ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن (جنگ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل پر سی آئی اے کی رپورٹ کے تناظر میں کہا ہے کہ امریکا آئندہ ہفتے کے آغاز میں اس قتل پر حتمی نتائج تک پہنچ جائے گا اور اس حوالے سے رپورٹ جاری کر دی جائے گی۔ کیلیفورنیا میں میلبو کے مقام پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا، ’’ہم آئندہ دو روز میں سعودی صحافی کے قتل کے حوالے سے حتمی اور مکمل رپورٹ جاری کر دیں گے۔ غالباً پیر یا منگل تک۔‘‘ امریکی محکمہ خارجہ کی تر جما ن ہیدر نوئرٹ پہلے ہی کہہ چکی ہیں کہ ایسی رپورٹس کہ امریکی حکومت جمال خاشقجی کے قتل کے بارے میں حتمی رپورٹ پہلے ہی سے وضع کر چکی ہے، ’ درست نہیں‘ ہیں۔ اُن کے بقول ابھی خاشقجی کی ہلاکت سے متعلق بہت سے سوال جواب طلب ہیں۔ ہفتہ 17 نومبر کو امریکی میڈیا نے بتایا تھا کہ سی آئی اے اس نتیجے پر پہنچی ہے کہ خاشقجی کو قتل کرنے والے اسکواڈ کا براہ راست تعلق شہزادہ محمد بن سلمان سے ہے۔ خیال رہے کہ سعودی عرب نے جمال خاشقجی کے قتل کے حوالے سے اپنے بیانیے کو بارہا تبدیل کیا ہے۔ پہلے یہ کہا گیا تھا کہ ریاض حکومت کو جمال خاشقجی کے بارے میں علم نہیں کہ وہ کہاں ہیں اور بعد ازاں سعودی مستغیث اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق خاشقجی قونصل خانے میں ہاتھا پائی کے دوران مارے گئے۔
تازہ ترین