• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجلی کا بریک ڈائون، دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر پانی کی لائن پھٹ گئی کراچی کو فراہمی معطل

گھارو ؍کراچی(نامہ نگار/اسٹاف رپورٹر) دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر اتوار کی علی الصبح بجلی کے بریک ڈاون سے بیک پریشر کے باعث کراچی کو پانی سپلائی کرنے والی 72 انچ قطر کی پائپ لائن نمبر 5 دھماکے سے پھٹ گئی جس کے نتیجے میں کراچی کو پانی کی فراہمی مکمل طور پر معطل ہوگئی۔اطلاع ملتے ہی واٹر حکام موقع پر پہنچ گئے اور ہنگامی بنیاد پر لائن کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ واٹر بورڈکے اعلامیےکے مطابق رواں ماہ واٹربورڈکے اہم پمپنگ اسٹیشنوں پر اب تک بجلی کے 11بریک ڈاؤن ہوئے جس کی وجہ سے کراچی کو 450 ملین گیلن پانی کم فراہم کیا گیا اور واٹربورڈ کو شہرکے کونے کونے تک دستیاب پانی کی فراہمی کی منصفانہ تقسیم میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اتوار کی صبح 5:50بجے گھارو ، دھابیجی اور پپری میں واقع واٹربورڈ کے اہم ترین پمپنگ اسٹیشنوں پر اچانک ہونے والے بجلی کے بریک ڈاؤن سے دھابیجی میں نیشنل ہائی وے کے قریب 72انچ قطر کی پائپ لائن پھٹ گئی، واٹر بورڈ نے اطلاع ملتے ہی پانی کی فراہمی روک کر لائن کو پانی سے خالی کرنے کا عمل شروع کردیا ، اعلیٰ افسران اور انجینئرز مطلوبہ بھاری مشینری کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچ گئے اور لائن کی مرمت کا عمل شروع کردیا ، صبح 8:45پر دھابیجی کی بجلی جزوی بحال ہونے پر واٹربورڈ نے متبادل لائنوں سے کراچی کو پانی کی فراہمی شروع کی ،دھابیجی پر بجلی کی مکمل فراہمی 2;45 بجے دو پہر بحال ہوئی ، اس دوران شہر کو 162ملین گیلن پانی کم فراہم کیا گیا۔ایم ڈی واٹربورڈ خالد محمود شیخ نے شہریوں سے اپیل کہ ہے کہ وہ اس صورتحال میں واٹر بورڈ کے ساتھ تعا و ن کریں اور پانی کفایت سے استعمال کریں۔قبل از یںکے الیکٹرک نے دعویٰ کیا ہے کہ دھابیجی سمیت واٹر بورڈ کے تمام بڑے پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی بحال ہے، دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر آنے والے واٹربورڈ کے اندرونی فالٹ کی درستی کے لیے کے الیکٹرک کے عملے نے معاونت فراہم کی اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا۔ ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق ادارے کی جانب سے واٹر بورڈ کے دھابیجی اور گھارو سمیت تمام بڑے پمپنگ اسٹیشنزکولوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ رکھ کر متواتر بجلی فراہم کی جاتی ہے، تاہم واٹر بورڈ کی تنصیبات پر کسی بھی فالٹ کی بروقت درستی کے حوالے سے کے الیکٹرک کا عملہ کے ڈبلیو ایس بی کے نمائندوں کے ساتھ رابطے میں رہتا ہے تاکہ بروقت معاونت فراہم کی جاسکے۔
تازہ ترین