ملتان(سٹاف رپورٹر) تشددکےمختلف واقعات میں پولیس نےملزموں کیخلاف مقدمات درج کرلئے۔موضع رکن ہٹی کے رہائشی نظر حسین نے تھانہ صدر شجاع آباد میں درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ وہ اپنے رقبہ پر موجود تھا جہاں شمشاد ،عامر ،سمیع ،رفیق ،صدیق ،فیض بخش ،زاہد اور ان کے پانچ نامعلوم ساتھی مسلح ہو کر آئےاور میری فصل اجاڑ دی ۔رقبہ پر قبضہ کرنے کی کوشش کی۔ اس دوران مجھ پر فائرنگ کی لیکن خوش قسمتی سےمیں بچ گیا۔ اہل علاقہ کے آنے پر ملزمان فرار ہوگئے پولیس نے مقدمہ درج کر لیا ۔ محمد حفیظ نے تھانے میں درخواست دیتے ہوئے کہا کہ اس کا محمد ناصر سے معمولی جھگڑا ہوا جس نے میرے گھر آکر مجھے اور بیوی کو تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں دھمکیاں دیتا ہوا چلا گیا ۔پولیس نے ملزم ناصر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ نسیم مائی نے تھانہ صدر ملتان میں درخواست دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ وہ اپنی بھانجی آمنہ سے ملنے گئی تو اس کا خاوند پرویز اسے تشدد کا نشانہ بنا رہا تھا ۔ ان کو چھڑوانے کی کوشش کی تو پرویز نے تشدد کا نشانہ بنایا اور کپڑے پھاڑ ڈالے ۔ بعدازاں پرویز نے دارنتی سے میری ایک انگلی کاٹ ڈالی اور اہل علاقہ کے آنے پر موقع سے فرار ہو گیا ۔پولیس نے ملزم پرویز کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔