• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بر وقت ابتدائی طبی امداد کا حصول ہر شخص کا بنیادی حق ہے ‘ڈاکٹر عدیل احمد

کوئٹہ(سٹی ڈیسک)بلوچستان بوائے سکائوٹس ایسوسی ایشن کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر عدیل احمد خان نے کہا کہ انسانوں میں وہ انسان افضل ہے جو دوسروں کے کام آتا ہے اور انسانی قیمتی جانوں کو بچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز ابتدائی طبی امداد کے عالمی دن کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ جب کبھی اچانک کسی حادثے کی وجہ سے ہم زخمی یا بیمار ہو جائیں تو شدت سے اس بات کا احساس ہوتا ہے کہ ہمارے اردگرد موجود افراد میں سے کوئی ایک توایسا ہو جو فوری ہماری مدد کر سکے ،اس تکلیف کو کم کر سکے اورمزید نقصان پہنچنے سے بچا سکے ۔ابتدائی طبی امداد یا فرسٹ ایڈ ایسی ہی صورتحال میں پیشہ ورانہ طبی امداد میسر آنے یاہسپتال پہنچنے سے قبل زخمی یا بیمار افراد کو مہیا کی جانے والی بروقت اور فوری مدد کا نام ہے ۔حادثات ہمارے روزمرہ کے معمول کا حصہ ہیں اور یہ کسی بھی شخص کو کسی بھی وقت اور کسی بھی جگہ پیش آسکتے ہیں ۔ایمرجنسی اور حادثات میں زیادہ تر اموات سانس اور دِل بند ہونے یا خون کے زیادہ مقدار میں ضائع ہو جانے کی وجہ سے ہوتی ہیں اور معذوری زیادہ تر چوٹ (خصوصاً کمر یا گردن کی چوٹ) کے حامل مریضوں کی غلط طریقہ سے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی کی وجہ سے ہوتی ہے۔ حادثات کا شکار زخمی افراد کی فوری ،بروقت اور صیحح مدد نہ صرف ان کی تکلیف میں کمی کا سبب بن سکتی ہے بلکہ مریض کی زندگی کو لاحق فوری خطرات کی روک تھام کر کے جان بچانے کا ذریعہ بھی بنتی ہے ۔ایمرجنسی یا حادثہ کی صورت میں بر وقت ابتدائی طبی امداد کا حصول ہر شخص کا بنیادی حق ہے جس تک ہر شخص کو ہر جگہ اور ہروقت رسائی حاصل ہونی چاہئے ۔ایک محتاط اندازہ کے مطابق صرف ٹریفک حادثات کا شکار ہو کر لقمہ اجل بننے والے افراد کی ماہانہ تعداد بم دھماکوں کے شکار افراد کی سالانہ تعداد سے بھی کہیں زیادہ ہے ۔صرف ٹریفک حادثات میں ہی1600 سے زیادہ افراد روزانہ زخمی یا معذور ہو جاتے ہیں ۔
تازہ ترین