• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ابوظبی ٹیسٹ، شاہینوں کے مسکن پر کیویز کی کامیاب یلغار، پاکستان 4 رنز سے ہارگیا


ابوظبی (جنگ نیوز) بیٹنگ لائن نے خود کش حملہ کرتے ہوئے اپنی ہی ٹیم کو تباہ کردیا۔ کپتان سرفراز احمد سمیت ٹاپ آرڈر بیٹسمینوں کی انتہائی غیر ذمے دارانہ بیٹنگ کے سبب جیتا ہوا ٹیسٹ میچ نیوزی لینڈ کی چار رنز کی ریکارڈ ساز فتح پر ختم ہوا۔ پاکستان شاہین اپنے مسکن پر کیویز کی یلغار نہ روک پائے۔ بلال آصف، یاسر شاہ اور حسن علی کوئی رن نہ بناسکے۔ مشکل ترین حالات میں محمد عباس نے دس گیندیں کھیلیں اور کوئی رن نہ بناسکے۔ نیوزی لینڈ نے کئی نشیب و فراز اور سنسنی خیز ڈرامے کے بعد ابوظبی ٹیسٹ جیت کر سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔ تین وکٹ 9گیندوں پر گرے۔ جبکہ پاکستان نے آخری چھ وکٹ 24رنز پر گنوائے۔ پیر کو میچ چوتھے دن 176رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 171رنز ہی بنا سکی۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی رنز کے اعتبار سے سب سے کم رنز سے شکست اور نیوزی لینڈ کی سب سے کم رنز سے فتح ہے۔ کھانے کے وقفےکے بعدپہلا ٹیسٹ کھیلنے والے اعجاز پٹیل نے پاکستانی بیٹنگ لائن اپ کو تباہ کر دیا۔ انہوں نے 59 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ انہیں مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔ اسپنر ایش سوڈھی نے 37اور نیل ویگنر نے27رنز دے کر دو دو وکٹ حاصل کئے۔ یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں دنیا کی کسی بھی ٹیم کی پانچویں سب سے کم ترین مارجن سے فتح تھی۔ سرفراز احمد دونوں اننگز میں سوئپ اور حارث سہیل فل ٹاس پر وکٹ گنوابیٹھے۔ تجربہ کار اظہر علی کے پاس ہیرو بننے کا موقع تھا لیکن وہ جیت کے قریب آکر ہمت ہار گئے۔ اعجاز پٹیل کی گیند پر انہیں امپائر نے ایل بی ڈبلیو آئوٹ قرار دیا۔ وہ 65 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے۔ دبائو میں وہ بہتر کھیل پیش کرکے ٹیم کو فتح یاب کرنے میں ناکام رہے۔ انہوں نے136گ یندیں کھیلیں اور پانچ چوکے مارے۔ کئی مواقع پر وہ دبائو میں آکر ٹیل اینڈرز کو آگے کرتے رہے۔ جب جیت قریب تھی وہ چوکا مارنے میں ناکام رہے۔کھانے کے وقفے سے ایک گیند قبل جب اسد شفیق آؤٹ ہوئے تو اس وقت پاکستان کو مزید 46 رنز کی ضرورت تھی اور چھ وکٹیں باقی تھیں۔ محمد حفیظ، حارث سہیل، سرفراز احمد، بلال آصف اور حسن علی نے غیر ذمے داری سے اسٹروک کھیل کر وکٹیں گنوائیں۔ اسد شفیق اور اظہر علی نے 82رنز کی شراکت قائم کی۔ اس شراکت کا خاتمہ کھانے کے وقفے سے قبل ویگنرنے اسد شفیق 45رنز پر کو واٹلنگ کے ہاتھوں کیچ کروا کے کیا۔ انہوں نے 81گیندوں پر مشتمل اننگز میں چار چوکے مارے۔ دوسرے سیشن میں پاکستانی بیٹسمین یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے چلے گئے۔ پہلے بابر اعظم اور اظہر علی کے درمیان مکس اپ ہوا اور بابر 13رنز پر رن آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد کپتان سرفراز احمد بھی وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔ بلال آصف نے اپنی دوسری ہی گیند پر زوردار شاٹ لگانے کی کوشش کی اور صفر پر ان کو اعجاز پیٹل نے بولڈ کر دیا ، یاسر شاہ فاسٹ بولر نیل ویگنر کی گیند پر سلپ میں کیچ دے گئے۔ اس سے قبل پیر کو محمد حفیظ اور امام الحق نے 37 رنز سے اننگز دوبارہ شروع کی تو تین رنز کے اضافے کے بعد اعجاز پٹیل نے امام الحق کو 27 کے اسکور پر ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ اگلے اوور میں ایش سوڈھی نے پہلے محمد حفیظ اور پھر حارث سہیل کو آؤٹ کر کے پاکستانی ٹیم کو مشکلات میں ڈال دیا جو شکست پر ختم ہوئی۔ دوسرا ٹیسٹ ہفتے سے دبئی میں شروع ہوگا۔

تازہ ترین