• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’ بلین ٹری منصوبے ‘‘ کے تحت مزید ایک ارب پودے لگانے اور نرسریز قائم کرنے کے لئے’’ پی سی ون‘‘ تیار

پشاور(گوہر علی خان۔نامہ نگار)خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے میں’’ بلین ٹری منصوبے ‘‘ کے تحت مزید ایک ارب پودے لگانے اور نرسریز قائم کرنے کے لئے’’ پی سی ون‘‘ تیار کرلیا ہے۔ منصوبے پر.8 26ارب روپے خرچ ہوں گے ۔ منصوبہ میں سابق قبائلی علاقوں (فاٹا) کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ منصوبے کے لئے 13.409ارب روپے صوبائی جبکہ باقی رقم وفاقی حکومت فراہم کرے گی۔منصوبے کو معیاری بنانے کے لئے اس میں مقامی کمیونٹی کوشامل کرنے کے علاوہ منصوبے سے متعلق سماجی اقتصادی فوائد حاصل کرنے اور میڈیا اس کا اچھا تاثر پیدا کرنے کے لئے نرسریاں لگانے کے عمل میں خواتین اور نوجوانوں کوبھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔منصوبے کے لئے تیار کئے جانے والے پی سی ون کی منظوری کے لئے محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ پراونشل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اجلاس طلب کرے ۔اس بات کا فیصلہ’’ فیڈرل فار سٹری بورڈ‘‘ کے اجلاس میں کیا گیا ہے اجلاس میں خیبر پختونخوا اور سابقہ فاٹا میں ایک ارب درخت لگانے کے لئے پی سی ون کی تیاری پر غور کیا گیا ہے جس پر 26 ارب روپے سے زائد لاگت آئے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بلین ٹری سونامی منصوبے میں اس مرتبہ سابقہ قبائلی علاقوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جس کے بعد جنگلات کے رقبے میں 4 فیصد اضافہ متوقع ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بلین ٹری سونامی منصوبے کے لئے پودے اگانے میں مقامی کمیونٹی کو شامل کرنے سے ٹری سٹاک کے معیار میں بہتری آئے گی اسی طرح منصوبے میں خواتین اور بچوں کی شمولیت سے سماجی اقتصادی ترقی میں بھی بہتری آئے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ 1 ارب پودے لگانے کا منصوبے پچاس پچاس فیصد شئرنگ کی بنیاد پر مکمل کیا جائے گا جس کے لئے پچاس فیصد فنڈ صوبے اور پچاس فیصد مرکز فراہم کرے گی اس سلسلے میں تیار کئے گئے نوٹس کے مطابق صوبائی حکومت نے منصوبے کا پی سی ون تیار کر لیا ہے جبکہ صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس طلب کریں تاکہ متعلقہ حکام کو منصوبے سے آگاہ کیا جا سکے۔
تازہ ترین