• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیف جسٹس پاکستان کا دورہ برطانیہ، ہائی کمیشن نے سیکورٹی پلان کو حتمی شکل نہیں دی

لندن ( مرتضیٰ علی شاہ ) پاکستان ہائی کمیشن نے اب تک چیف جسٹس پاکستان کیلئے سیکورٹی پلان کو حتمی شکل نہیں دی ہے جبکہ وہ اپنے ایک ہفتہ طویل دورہ برطانیہ کے دوران لندن ، برمنگھم اور مانچسٹر میں دیامر بھاشا اور مہمند ڈیمز کیلئے فنڈ ریزنگ تقریبات میں شرکت کریں گے۔پاکستان ہائی کمیشن کے ایک ذریعہ نے بتایا کہ اس بات کا علم ہے کہ بعض گروپس لندن میں خاص طور پر مظاہروں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں مگر چیف جسٹس کے اطراف سیکورٹی کیلئے اب تک کسی پلان کو حتمی شکل نہیں دی گئی۔جب ان سے سوال کیا گیا کہ انتظامات نہ ہونے کی وجہ کیا ہے تو ذریعہ نے بتایا کہ پاکستان ہائی کمیشن کو چیف جسٹس کے دورہ کا علم ہے مگر سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے ان کی سیکورٹی کے انتظامات کیلئے تاحال کوئی درخواست نہیں دی گئی ہے۔سکاٹ لینڈ یارڈ نے تصدیق کی ہے کہ کم از کم دو گروپوں نے پولیس کو آگاہ کیا ہے کہ وہ فنڈ ریزنگ ایونٹ کے دوران پرامن مظاہرے کریں گے۔یہ رپورٹس بھی ملی ہیں کہ بعض گروپس اس مقام کے باہر فنڈ ریزنگ کے دوران مظاہروں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیںجہاں چیف جسٹس سامعین سے فنڈ ریزنگ ایونٹس کے بارے میں گفتگو کریں گے جہاں کیلئے منتظمین نے ٹکٹس بھی فروخت کر دیے ہیں۔ اب تک فنڈز جمع کرنے کیلئے تقریباً 8 ایونٹس کا انتظام کیا گیا ہے اور منتظمین نے تصدیق کی ہے کہ چیف جسٹس کے دفتر سے اجازت اور معاہدے کے بعد وینوز بک کرائے گئے ہیں۔سوشل میڈیا پر مظاہروں کی خبریں گردش کرنے کے بعد پاکستان مسلم لیگ ( یوکے) نے ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کسی بھی قسم کے مظاہرے سے فاصلہ رکھا گیا ہے جبکہ اپنے حامیوں اور کارکنوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پالیسی کے خلاف کسی مظاہرے کا حصہ نہ بنیں۔پی ایم ایل نون برطانیہ کے صدر زبیر گل نے کہا ہے کہ پی ایم ایل یو کے نے 1999 سے 2008 تک پاکستان میں مارشل لا کے دوران جمہوریت اور عدلیہ کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ زبیر گل نے کہا کہ پی ایم ایل نون برطانیہ چیف جسٹس پاکستان کے دورہ برطانیہ میں احتجاج کی کوئی منصوبہ بندی نہیں کر رہی ہے۔ہم نے اپنے تمام عہدیداروں اور ورکرز کو واضح ہدایات جاری کر دی ہیں کہ چیف جسٹس آف پاکستان کے برطانوی دورہ کے دوران وہ نہ تو کوئی سیاسی بیان جاری کریں اور نہ کسی مظاہرہ کا حصہ بنیں۔

تازہ ترین