• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئی نسل کو دین اسلام کا درست پیروکار بنانا ہوگا، پی نورالعارفین صدیقی

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) سیرت طیبہﷺ اپنا کر اور میلاد مصطفیٰﷺ منا کر ہم آقائے دو جہاںﷺ کے ساتھ عقیدت کا اظہار کر سکتے ہیں۔ نبی کریمﷺ عشق و محبت کامل ایمان کی نشانی ہے۔ آپﷺ کی سیرت طیبہ قیامت تک مشعل راہ ہے۔ ہمیں اپنے بچوں میں عشق نبیﷺ اجاگر کرکے نئی نسل کو صحیح معنوں میں دین اسلام کا پیروکار بنانا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جامع مسجد غوثیہ البرٹ روڈ آسٹن میں حاجی چوہدری محمد عظیم کی صدارت میں منعقدہ سالانہ میلاد مصطفیٰﷺ کانفرنس میں مہمان خصوصی حضرت پیر نورالعارفین صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرزمین برطانیہ میں ہمیں ہر طرح کی مذہبی آزادی حاصل ہے۔ برطانیہ ہمارا ملک ہے یہاں کے آئین و قانون کا احترام لازم ہے۔ برمنگھم چونکہ ایک کثیرالثقافتی شہر ہے اس لئے ہمیں اپنے عمل و کردار سے دیگر کمیونٹیز کااحترام کرنا ہے۔ صاحبزادہ نورالعارفین صدیقی نے کہا کہ آسٹریا کی عدالت کے فیصلے کو سراہا جس میں آزادی اظہار رائے کی آڑ میں پیغمبر اسلام کی توہین کو جرم قرار دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ میلادالنبیﷺ کا یہ جلسہ اس بات کا مطالبہ کرتا ہے کہ عالمی برادری پیغمبر اسلام سمیت دیگر مذہبی شخصیات کااحترام یقینی بنائیں۔ اس طرح بین المذاہب اتحاد کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ صاحبزادہ نورالعارفین صدیقی نے کہا کہ جس طرح جسمانی تکلیف پہنچانا دہشت گردی ہے اسی طرح قانون سازی کی جائے کہ روحانی طور پر بھی کسی کے عقائد کو ہرگز نہیں چھیڑا جائے۔ان کی بھی دل آزاری ہوتی ہے۔چوہدری محمد عظیم نے کہا کہ اس طرح کی تقریبات سے ہم اسلام کی روشن اور بھائی چارے کی تعلیمات کو عام کرکے اسلام کی تبلیغ و فروغ کا کام کر سکتے ہیں۔ سابق کونسلر چوہدری سعید نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کونسلر چوہدری سعید نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے بچوں کو جدید تقاضوں کے مطابق اسلام کی تعلیم دیں تاکہ آنے والے وقتوں کے لئے وہ حقیقی معنوں میں دین و اسلام کے سپاہی بن سکیں۔ نائب حسین نے اس طرح کی تقریبات جاری رکھنے پر زور دیا۔ حافظ فاروق چشتی نے کہا کہ گزشتہ تین دہائیوں سے اس مسجد میں آقائے دو جہاں کیساتھ عقیدت کے اظہار کےلئے تسلسل کے ساتھ اس طرح کی تقریبات میلاد کانفرنس کا انعقاد ہو رہا ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہنا چاہئے۔سالانہ جشنِ عید میلادالنبیﷺ کانفرنس میں نظامت کے فرائض علامہ نجم الدین نے سر انجام دیئے۔ قاری محبوب جشن جماعتی کی تلاوتِ کلام پاک سے آغاز ہوا۔ کثیر تعداد میں علاقہ آسٹن اور گرد و نواح سے عاشقانِ رسولﷺ نے شرکت کی۔ منتظمین میں حاجی تعظیم، نائس حسین مغل، پبلک ریلیشن آفیسر چوہدری سعید، حاجی عبدالرزاق، چوہدری محبوب حسین بادشاہ میاں نےانتظامات کر رکھے تھے۔ پاکستان سے آئے ہوئے ثناء خواں سید الطاف حسین شاہ کاظمی نے اپنے مخصوص انداز میں بارگاہِ رسالتﷺ میں عقیدت کے پھول نچھاور کرکے سماں باندھ دیا۔ صاحبزادہ محمد حافظ فاروق چشتی نے سیرت طیبہﷺ پر روشنی ڈالی۔حافظ قاسم صدیق، صاحبزادہ حسنین ابدالی، شہزاد اقبال اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں چیئرمین و صدر چوہدری عظیم کو فریضہ حج ادا کرنے پر مبارک باد پیش کی گئی۔ اجتماعی ہدیہ درود و سلام کے بعد ملکی و قومی سلامتی کے لئے دعائیں۔ کشمیر اور فلسطین کی آزادی کے لئے بھی دعائیں کی گئیں۔
تازہ ترین