برمنگھم (ابرار مغل) عالمی مبلغ اسلام و انجمن خدام الصوفیا انٹر نیشنل کے چیئرمین اور آستانہ عالیہ علی پور سیداں کے سجادہ نشین صاحبزادہ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی کی قیادت میں آج 12ربیع الاول کے سلسلے میں دن ایک بجے میلاد مصطفیٰ ﷺ کا مرکزی جلوس نکالا جائے گا۔ جلوس جامع مسجد امیر ملت سینٹر برمنگھم سے شروع ہوگا۔ اس میلاد کے جلوس میں ہزاروں فرزندان اسلام کے علاوہ برطانیہ بھر سے جید علماء و مشائخ جماعت اہلسنت برطانیہ، مرکزی جماعت سمیت مختلف آستانوں کے سجادہ نشین، پیران عظام خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔ جلوس مختلف راستوں، چوکوں اور گلیوں سے ہوتا ہوا واپس امیر ملت سینٹر پر اختتام پذیر ہوگا۔ جہاں خصوصی دعا کے بعد عالمی تاجدار ختم نبوت کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ خراب موسم کے باوجود بھی عاشقان رسولﷺ درود پاک کا ورد کرتے ہوئے شریک ہوں گے، جبکہ سیکورٹی کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔ جلوس کے راستے میں جگہ جگہ پانی و دودھ کی سیبلوں کا بھی بعض افراد نے بندوبست کر رکھا ہے۔ پیر سید منور حسین شاہ جماعتی کی صدارت میں یہ جلوس گزشتہ36سال سے نکالا جارہا ہے۔ اس بار بھی مکمل مذہبی عقیدت و جذبے کے ساتھ میلاد کا یہ جلوس منعقد ہوگا۔