• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بین المذاہب ہم آہنگی، برمنگھم سٹی سینٹرمیں منفرد روڈ میلاد، غیرمسلموں میں تحائف تقسیم

برمنگھم (ابرار مغل) نبی کریم آقا دو جہاںﷺ کی ولادت بسعادت کی خوشی میں جہاں برطانیہ بھر میں میلاد کی محافل اور مجالس منعقد ہورہی ہیں وہیں برمنگھم سٹی سینٹر میں جامعہ حضرت سخی سلطان باہو کے زیراہتمام نبی کریمﷺ کے جشن ولادت کو منانے کے لئے غیر مسلموں میں پھول، سویٹس، چاکلیٹ اور میلادی کارڈ تقسیم کئے گئے۔ رضاکاروں کی بڑی تعداد نے علامہ منیر عاصم قادری، چوہدری عثمان سندھو کی سربراہی میں برمنگھم سٹی سینٹر کی ہائی اسٹریٹ پر غیر مسلموں کو نبی کریم آقا دو جہاںﷺ کی ولادت کی خوشیوں میں شریک کرنے کے لئے اس روڈ میلاد میں حصہ لیا۔ رضاکار خواتین اور بچوں نے بھی گزرنے والوں کو سویٹس، پھول اور کارڈ پیش کرکے اسلام کا پیغام امن غیر مسلموں تک پہنچایا، جبکہ سٹی سینٹر کی ہائی اسٹریٹ سے گزرنے والوں نے بھی اس روڈ میلاد کو سراہا اور کہا کہ اس طرح کمیوٹیز کے درمیان فاصلے کم ہونے کے ساتھ بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔ رضاکار خواتین نے گزرنے والے غیر مسلموں کو جہاں کارڈ، پھول اور مٹھائی پیش کی وہیں ان کو اسلام کے آفاقی پیغام سے بھی آگاہ کیا۔ علامہ حاجی منیر عاصم نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس بار بھی ہزاروں پھول، میلادی کارڈ، سویٹس اور دیگر تحائف غیر مسلموں میں تقسیم کرکے میلاد مصطفیٰﷺ کو منفرد انداز سے منایا گیا، ہمارا مقصد نبی کریمﷺ کے پیغام کو غیر مسلموں تک پہنچاکر ان پر باور کرنا ہے کہ اسلام امن و محبت کا علمبردار ہے، جبکہ چوہدری عثمان سندھو، حاجی اتحاد میاں گڈو، قاری شبیر احمد اور دیگر رضاکاروں نے ’’جنگ‘‘ کو بتایا کہ نبی کریم آقا دو جہاںﷺ کی ولادت کی خوشی میں غیر مسلموں کو شریک کرکے دنیا میں پھیلی مذہبی منافرت اور نسلی امتیاز کا خاتمہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بے حد خوشی ہورہی تھی جب محمد عربی ؐکے ولادت کی خوشی میں وہ غیر مسلموں کو تحائف کے بدلے ان سے نیک خواہشات وصول کررہے تھے۔ خواتین رضاکاروں نے پھول اور کارڈ پیش کرتے ہوئے غیر مسلموں کو اسلام کے بارے میں بتایا کہ ہم امن و محبت کے داعی ہیں، ہمارے نبی ؐنہ صرف مسلمانوں بلکہ پوری کائنات کے لئے رحمت اللعالمین ہیں۔ جامع حضرت سخی سلطان باہو کی ذیلی رفاعی تنظیم الصراط کے اشتراک سے ہونے والے اس روڈ میلاد میں کثیر تعداد میں بچوں اور خواتین رضاکاروں کے علاوہ مختلف شخصیات نے بھی حصہ لیا۔
تازہ ترین