• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کشمیر فریڈم موومنٹ کے حاجی یٰسین کا ایم پی سٹیوبیکر کو خط

ہائی ویکمب (انعام اللہ خان) کشمیر فریڈم موومنٹ کے سینئر وائس پریزیڈنٹ حاجی محمد یٰسین نے ایم پی سٹیو بیکر کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو رکوانے کیلئے خط لکھا ہے کہ سٹیوبیکر ہائوس آف کامنز میں مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم پہ بحث کرائیں تاکہ بین الاقوامی دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر پر ہو۔ کشمیر فریڈم موومنٹ کے اس خط میں کہا گیا کہ پرامن آزادی کے لئے نکالے گئے جلوسوں پر نہتے نوجوانوں کو فائرنگ سے زخمی کرنے، ان کی آنکھیں نکالنے اور قید و بند کی صعوبتیں آئے روز کے معمولات بن چکے ہیں، اسی لئے ایم پی سٹیو بیکر برطانوی وزیراعظم، سیکرٹری خارجہ اور سیکرٹری کامنز ورلڈ سے مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کریں روزنامہ نام جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے حاجی محمد یٰسین نے کہا کہ انہیں کشمیر فریڈم پارٹی کے سربراہ سید شبیر شاہ کی صحت کی انتہائی فکر ہے کیونکہ جو اطلاعات ان تک پہنچ رہی ہیں ان کے مطابق تہاڑ جیل میں ان کی صحت اس قدر بگڑ چکی ہے کہ گھر کے افراد نے انہیں  دیکھ کر پہچانا نہیں کیونکہ مسلسل بیمار رہنے سے ان کا وزن اٹھارہ کلو گرام کم ہوا ہے اور وہ اب ہڈیوں کا ڈھانچہ رہ گئے ہیں۔ حاجی محمد یٰسین نے کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں  جبر کا ہر حربہ استعمال کررہی ہے تاکہ آزادی کی تحریک کو ختم کیاجاسکے۔
تازہ ترین