• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلسطین میں آئی ایف جے کے پر امن مظاہرے پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف پی ایف یو جے کے تحت ملک گیر احتجاج

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی یف یو جے) کے تحت فلسطین میں انٹر نیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس (آئی ایف جے) کے پر امن مظاہرے پر اسرائیلی جارحیت ،ملکی وعالمی سطح پر صحافیوں کے مسائل اور آزاد صحافت کے لیے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے گئے ۔کراچی پریس کلب کے سامنے ہونے والے مظاہرے میںپی ایف یوجے اور دیگر صحافی تنظیموں کے عہدے داروں نے کہا کہ ہم فلسطین میں آئی ایف جے کے پر امن مظاہرے پر اسرائیلی فورسز کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، جس میں آئی ایف جے کے صدر ،سیکرٹری اور دیگر عہدیداروں سمیت بیشتر صحافی زخمی ہوئے، یہ تاریخ کا بدترین واقعہ ہے، اسرائیل ایسے ظالمانہ اقدامات سے آزادی اظہار پر پابندی نہیں لگاسکتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ آئی ایف جے کے پر امن مظاہرے پر اسرائیلی جارحیت کانوٹس لے اور اس کی تحقیقات کرائے ۔واضح رہے کہ پی ایف یوجے کی اپیل پر پیر کو کراچی ،حیدرآباد ،سکھر ،لاہور ،پشاور ،اسلام آباد،ایبٹ آباد ،کوئٹہ،مظفر آباد ،گلگت اور دیگر شہروں میں مظاہرے کیے گئے، جن میں پی ایف یوجے کے یونٹس ،پریس کلبز ،صحافیوں کی دیگر تنظیموں کے عہدیداروں نے شرکت کی ۔اس موقع پر تمام تنظیموں نے مشترکہ طور پرقرار دیا کہ پاکستان میں آزادی اظہار رائے پر کوئی قدغن برداشت نہیں کی جائے گی، حکومت صحافیوں کے مسائل فوری حل کرے، میڈیا ہاؤسز کے واجبات فوری دیے جائیں۔ انہوں نے متنبہ کیا کہ میڈیا ورکرز کی چھانٹیوں کا سلسلہ فوری بندکیا جائے ۔ انہوں نے وزیراعظم اور چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ صحافیوں کی چھانٹیوں اور دیگر مسائل کو فوری حل کرنے کے لیے ہنگامی طور پر ایکشن لیں، اگر صحافیوں کے مسائل کو حل نہ کیا گیا تو تمام صحافتی تنظیمیں مشترکہ حکمت عملی کے تحت ملک بھر میں احتجاج کی کال دیں گی ۔صحافی تنظیموں نے سعودی صحافی جمال خاشقیجی کے قتل کی بھی مذمت کی ۔انہوں نے کراچی پریس کلب میں سادہ لبا س سرکاری اہلکاروں کے داخلے اور سینئر صحافی حسین نقی کے ساتھ ناروا سلوک کے واقعات کی بھی شدید مذمت کی ۔کراچی کے مظاہرے میں پی ایف یوجے کے جنرل سیکرٹری جی ایم جمالی ،پی ایف یوجے (دستور) کے جنرل سیکرٹری سہیل افضل ،کے یوجے کے صدر حسن عباس ،سیکرٹری عاجز جمالی ،کراچی پریس کلب کے صدر احمد ملک، ،سیکرٹری مقصود یوسفی کے یوجے (دستور) کے صدر طارق ابوالحسن ،کے یوجے کے صدر فہیم صدیقی اور دیگر نے خطاب کیا۔

تازہ ترین