• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچے باہر جاکر کاروبار نہ کرتے توکیا بھیک مانگتے، نوازشریف

اسلام آباد(جنگ نیوز ) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے احتساب عدالت میں 147سوالوں کے جواب دے دئیے ہیں دوران جواب جذباتی ہوگئے نواز شریف نے تحریری جواب کی بجائے زبانی بات کرتے ہوئے کہا کہ بچے باہر جا کر کاروبار نہ کرتے تو کیا بھیک مانگتے،ساری دنیا کے بچے باہر پڑھتے، کماتے اور پیسے بھی بھیجتے ہیں۔ میرے بچوں نے ایسا کیا مختلف کام کیا؟۔ نیب پراسکیوٹر نے کہا کہ کیس یہ نہیں آپ بیرون ملک کیوں کاروبار کرتے ہیں، کیس یہ ہے کہ بیرون ملک کیسے کاروبار کرتے ہیں۔ پیر کو احتساب عدالت میں نوازشریف العزیزیہ ریفرنس میں صفائی کا جواب قلمبند کراتے ہوئے جذباتی ہو گئے۔ نوازشریف کا بیان چوتھے روز بھی نامکمل، 151 سوالات میں سے 147 کے جواب عدالتی ریکارڈ میں شامل ہو گئے۔ حسین اور حسن نواز کے متعلق جذباتی باتیں، زبان کی لغزش بھی نوازشریف کے جواب کا حصہ رہی۔نوازشریف نے پیر کو 27 سوالات کے جواب قلمبند کراتے ہوئے کہا کہ اکاؤنٹ میں بیرون ملک سے آنے والی رقوم درست طور پر ظاہر کیں، جے آئی ٹی کی تحقیقات کے دوران ریکارڈ بیانات قابل قبول شہادت نہیں، سپریم کورٹ کو متفرق درخواست میں جے آئی ٹی کے نام نہاد شواہد اور رپورٹ مسترد کرنے کی استدعا کی، جے آئی ٹی کی تحقیقات تعصب پر مبنی اور ثبوت کے بغیر تھیں۔
تازہ ترین