• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان اب یوٹرن سے جھوٹ ٹرن تک آگئے ، نفیسہ شاہ

سکھر (بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات و رکن قومی اسمبلی سیدہ نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو یوٹرن تو پہلے سے کہتے ہیں لیکن اب وہ یوٹرن سے جھوٹ ٹرن تک آگئے ہیں،جب سابق صدر آصف علی زرداری سے منی ٹریل مانگی جارہی ہے تو پھر علیمہ خان منی ٹریل مانگی جائے اور جے آئی ٹی بنا کر اسے نیب کے حوالے کیا جائے،آصف زرداری کو 4 بار بینکنگ کورٹ بلایا گیا مگر سماعت نہیں ہوتی۔ وہ سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہی تھیں۔ سینیٹر عاجز دھامراہ و دیگر پارٹی رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سیدہ نفیسہ شاہ نے کہاکہ عوام کو ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر دینے کا وعدہ بھی یوٹرن ہوگا، عمران خان کو چاہیے کہ وہ پارٹی کا نام یو ٹرن پارٹی رکھ لیں۔ حکومت کے 3 ماہ مکمل ہونیوالے ہیں، 100 دن میں 100 جھوٹ نظر آئیں گے، عمران خان نے کہا تھا کہ وہ 3 ماہ تک دورے نہیں کرینگے مگر وہ 3 ملکوں کے دورے کرچکے، آئی ایم ایف نہ جانے کا کہا اب جارہے ہیں، جھوٹ ٹرن ہے، کہا تھا کہ مہنگائی نہیں کرینگے مگر سب چیزیں مہنگی ہوگئیں، سب سے بڑا جھوٹ ٹرن پارلیمنٹ میں جواب دینے کا کہا مگر پارلیمنٹ آتے ہی نہیں، عوام کو سبز باغ دکھائے، ایک کروڑ نوکری، 50 لاکھ گھر دینے کا کہا، اب یو ٹرن لینے کا کہتے ہیں تو عوام سمجھ جائیں کہ کچھ نہیں ملے گا، جب بھی جھوٹ ٹرن لیں گے تو کہیں گے کہ اچھی لیڈر شپ کی علامت ہے۔
تازہ ترین