• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

کیویز کمزور نہیں، دبئی میں ٹیسٹ فتح کا کھاتہ کھولنا بڑا چیلنج ۔۔!

پاکستان اور نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے مابین ابو ظبی کا پہلا ٹیسٹ اپنے اختتام کو پہنچا،پاکستان اس میچ میں ناکامی سے دوچار ہوگیا پاکستان کی بیٹنگ لائن دونوں اننگز میں بری طرح ناکام رہی بیٹسمین سیٹ ہو کر آئوٹ ہوتے چلے گئے یاسر شاہ اور حسن علی کی عمدہ بائولنگ بھی پاکستانی بیٹسمینوں کو جگانے میں ناکام ثابت ہوئی یہ ہوم سیریز ہے اسپین وکٹوں پر پاکستانی بیٹسمینوں کو آنے والے ٹیسٹ میں فائدہ اٹھانا ہوگااس سے قبل آسٹریلیا کے خلاف ایک ٹیسٹ ڈرا کھیلا اور اس میچ میں بھی اتار چڑھائو دیکھنے میں آیا،اگر دوسری اننگز میں حریف ٹیم کے تجربہ کار بیٹسمین راس ٹیلر کھڑے ہوجاتے تو صورتحال یکسر مختلف ہوجاتی،بیٹنگ لائن میں اسد شفیق اور اظہر علی کو تسلسل کے ساتھ اسکور کرنا ہوگا،نہیں تو ٹیم پر ناقابل اعتبار کا لیبل بڑھتا جائے گا ،بلال آصف پورے میچ میں ایک وکٹ لے سکے،انہیں نکھارنے کی ضرورت ہے،ورنہ آسٹریلیا کے خلاف ڈیبیو ٹیسٹ کی اننگز کی 6 وکٹیں زیادہ عرصہ رہنے نہیں دیں گی۔پاکستانی ٹیم میں فل ٹائم رائٹ آرم فاسٹ بائولر کی جگہ بدستور خالی ہے،ٹیم مسلسل میڈیم فاسٹبولرز کے ساتھ کھیل رہی ہے،شاید بولنگ کوچ اظہر محمود خود اس درجہ کے بولر رہے ہیں۔پاکستانی کپتان سرفراز احمد کے لئے ابھی سے ٹیم کمبی نیشن ہدف بنانا ہوگا،ٹیسٹ میچ ہوں یا محدود اوورز کی کرکٹ،پریکٹس اور ٹیم ردھم ورلڈ کپ 2019 کے لئے ہی بن رہا ہے اور وہ اب زیادہ دور نہیں رہا۔دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 24 نومبر سے دبئی میں کھیلا جائے گا۔اتفاق سے اس مقام پر دونوں ٹیموں کے مابین کھیلا گیا واحد میچ بھی 2014 کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ تھا،17 نومبر 2014 سے شروع ہونے والا میچ ڈرا رہا،نیوزی لینڈ نے 403 بنائے تھے تو پاکستانی ٹیم 393 پر آئوٹ ہوئی تھی،کیوی ٹیم نے دوسری اننگز 9 وکٹ پر 250 رنزکے ساتھ ڈکلیئر کردی تھی،پاکستان نے 261 رنزکے تعاقب میں 5 وکٹ پر 196 رنز بنائے تھے کہ میچ ڈرا پر ختم ہوگیا،اس طرح کہا جاسکتا ہے کہ دبئی انٹر نیشنل ا سٹیڈیم سے کیوی ٹیم کی اچھی یادیں وابستہ ہیں ،راس ٹیلر جنہوں نے اس وقت 79 پر 4 وکٹیں کھونے والی ٹیم کے لئے قیمتی 104 رنزکی اننگز کھیلی تھی وہ مین آف دی میچ رہے تھے۔راس ٹیلر اب بھی کیوی ٹیم کا حصہ ہیں ان کے ساتھ بولنگ لائن بھی خاصی بہتر ہے،اس لئے پاکستان کے لئے دبئی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ فتح کا کھاتہ کھولنا بڑا چیلنج ہوگا ۔

تازہ ترین
تازہ ترین