• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پانی کے معاملے پر کسی صوبے سے زیادتی نہیں ہوگی، فیصل واڈا

وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واڈا کا کہنا ہے کہ صوبوں کے درمیان پانی کی تقسیم 1991 کے واٹر اکارڈ کے مطابق ہی ہو گی، پانی کے 25 سال پرانے مسئلے کو حل کرنے جارہے ہیں تمام وزرائے اعلیٰ ساتھ ہیں، بھارت سے تمام آبی معاملات پر بات چیت کے لئے تیار ہیں، مسائل بات چیت سے ہی حل ہوں گے۔

فیصل واڈا نے واپڈا ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میری وزارت میں کسی صوبے سے پانی پر زیادتی نہیں ہو گی، ایک ارب روپے کے ٹیلی میٹری سسٹم نہروں پر لگانے جارہے ہیں، واٹر اکارڈ 1991 کو تبدیل نہیں کریں جبکہ صوبوں کے درمیان پانی کے تمام مسائل حل ہونے جارہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ایم کیو ایم کے خلاف اہم کیسز میری سانس کے ساتھ ہی ختم ہوں گے کوئی سمجھوتہ یا نرمی نہیں کر رہے، کیسز عدالت اور نیب میں ہیں وہیں فیصلہ کریں گے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بڑے ڈیموں کے حوالے سے پر امید ہیں جبکہ بھارت کے ساتھ تمام آبی معاملات پر مذاکرات کے لئے تیار ہیں لیکن ہماری قومی سالمیت پر کوئی انچ نہ آئے۔

اس موقع پر چیئرمین واپڈا کا کہنا تھا کہ دیامر بھاشا ڈیم کے لئے حکومت نے کئے گئے وعدے پورے کر دیئے تو 7 سال میں ڈیم مکمل کر لیں گے ،فنڈز کا ایشو نہیں بات نیت کی ہے۔

تازہ ترین