• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سپرلیگ ڈرافٹ، ڈیویلیئرز لاہور کے قلندر بن گئے، قیادت حفیظ کے سپرد

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کی ڈرافٹنگ میں لاہور قلندرز نے سابق جنوبی افریقی کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز اور آل راؤنڈر محمد حفیظ کو پلاٹینم کیٹیگری میں چن لیا۔ کرس گیل اور کرس لین کو کسی بھی ٹیم نے لینے سے گریز کیا۔چھٹی ٹیم نے آسٹریلیا کے کپتان اسٹیو اسمتھ اور پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی کو منتخب کرلیا، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ڈوین براوو، پشاور زلمی نے کیرون پولارڈ اور ڈائمنڈ کیٹیگری میں مصباح الحق کو خریدا۔ رانا عاطف کا کہنا ہے کہ برینڈن میک کولم کی جگہ محمد حفیظ لاہور کی قیادت کریں گے۔ کراچی کنگز نے پلاٹینم کیٹیگری میں بابر اعظم ، محمد عامر اور کولن منرو کو برقرار رکھا ہے۔ جنوبی افریقا کے کولن انگرام کو ڈائمنڈ کیٹیگری میں منتقل کیا ہے۔ منگل کو اسلام آباد کے ہوٹل میں ٹورنامنٹ کی ڈرافٹنگ میں 6 فرنچائز نے 633 ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں میں سے اپنی اپنی ٹیم کے لیے ناموں کا انتخاب کیا۔ ہر ٹیم سولہ کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ لاہور قلندرز نے ڈائمنڈ کیٹیگری میں کارلوس بریتھ ویٹ اور کورے اینڈرسن کا انتخاب کیا۔ گولڈ کیٹیگری میں نیپال کے سندیپ، سلور کیٹیگری میں حارث سہیل، شاہین آفریدی، آغا سلمان، سہیل اختر اور حسن خان کو منتخب کیا ۔ گولڈ کیٹگری میں انگلینڈ کے ڈیوڈ ملان پشاور زلمی، ویسٹ انڈیز کے نیکولس پوران اور افغانستان کے قیس احمد چھٹی ٹیم، زمبابوے کے سکندر رضا کراچی کنگز، انگلینڈ کے فل سالٹ اسلام آباد یونائیٹڈ، آسٹریلیا کے فواد احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکا حصہ بن گئے۔ سلور کیٹیگری میں اویس ضیا، اسامہ میر اور آسٹریلیا کے ارون سمرز کراچی کنگز، جنوبی افریقا کے وین میڈسن پشاور زلمی، جنوبی افریقا کے کیمرون ڈیلپورٹ اسلام آباد یونائیٹڈ، دانش عزیز اور احسن علی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، نعمان علی چھٹی ٹیم میں شامل ہوگئے۔ سلور کیٹیگری میں ہی پشاور زلمی نے جمال انور، کراچی کنگز نے سہیل خان اور افتخار احمد کو منتخب کیا۔ ایمرجنگ کیٹیگری میں لاہور قلندرز نے محمد عمران اور عمیر مسعود، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے غلام مدثر اور نسیم شاہ، چھٹی ٹیم نے محمد الیاس اور محمد جنید، کراچی کنگز نے علی عمران اور ابرار احمد، پشاور زلمی نے سمین گل اور نبی گل اور اسلام آباد یونائیٹڈ نے محمد موسیٰ اور ناصر نواز کو اپنی ٹیم میں شامل کیاہے۔ چوتھے ایڈیشن کا آغاز 14فروری 2019 کو عرب امارات میں ہوگا۔ دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے لیوک رونکی، شاداب خان اور فہیم اشرف کو پلاٹینم کیٹیگری ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے سرفراز احمد، سنیل نارائن پلاٹینم کیٹیگری میں جبکہ آسٹریلین آل راؤنڈر شین واٹسن ڈائمنڈ کیٹیگری میں برقرار رہے۔ پشاور زلمی نے پلاٹینم کیٹیگری میں وہاب ریاض اور حسن علی کو جگہ دی ،ڈیرن سیمی اور کامران اکمل بطور پلیئر ایمبیسیڈر ڈائمنڈ کیٹیگری میں رہے جبکہ گولڈ کیٹیگری میں عمر امین کو چنا۔ اسلام آباد یونائٹیڈ نے پلاٹینم کیٹیگری میں سے این بیل کو منتخب کیا۔ لاہور قلندرز نے پلاٹینم کیٹیگری میں فخر زمان اور ڈائمنڈ کیٹیگری میں یاسر شاہ کو برقرار رکھا۔ چھٹی ٹیم میں پلاٹینم کیٹیگری میں شعیب ملک، ڈائمنڈ کیٹیگری میں محمد عرفان اور جنید خان کو برقرار رکھا۔ واضح رہے کہ چند روز قبل پی سی بی نے فرنچائز ملتان سلطانز کا معاہدہ منسوخ کرکے فرنچائز کے مالکانہ حقوق پاکستان کرکٹ بورڈ کو منتقل کردیے گئے تھے۔

تازہ ترین