• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیسٹ رینکنگ، پاکستان کا کوئی بیٹسمین ٹاپ 10 میں شامل نہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستانی بیٹسمینوں کی خراب کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ آئی سی سی کی نئی ٹیسٹ رینکنگ میں کوئی پاکستانی بیٹسمین ٹاپ10 میں شامل نہیں ہے البتہ بولنگ میں فاسٹ بولر محمد عباس مسلسل ترقی کرتے ہوئے تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ لیگ اسپنر یاسر شاہ نے دو درجہ ترقی پا کر 19ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ پاکستان کے اظہر علی کا فہرست میں 15واں نمبر ہے جب کہ اسد شفیق 23ویں اور کپتان سرفراز احمد 33ویں نمبر پر ہیں۔ نئی ٹیسٹ رینکنگ میں نیوزی لینڈ ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے والے اعجاز پیٹل کو 63 واں نمبر ملا ہے۔ نیوزی لینڈ سے شکست کے باوجود پاکستانی ٹیم کی ابھی تک 7ویں پوزیشن ہے۔ 19نومبر تک کھیلے گئے میچز کے مطابق عالمی درجہ بندی میں بھارت نے بدستور پہلی پوزیشن پرہے۔ جنوبی افریقا کی دوسری پوزیشن ہے، انگلینڈ کا تیسرا نمبر ہے، نیوزی لینڈ چوتھے، آسٹریلیا کا درجہ بندی میں پانچواں نمبر ہے۔ سری لنکا 6، ویسٹ انڈیز 8، بنگلہ دیش 9 اور زمبابوے کی 10 ویں پوزیشن ہے۔ بیٹسمینوں میں ویرات کوہلی پہلے،آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ دوسرے، نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن تیسری پوزیشن پر براجمان ہیں۔ بولنگ کے شعبے میں جیمز اینڈریسن بدستور پہلی پوزیشن پر قبضہ جمائے ہوئے ہیں، جنوبی افریقا کے کاگیسو رابادا دوسرے اور پاکستان کے محمد عباس تیسری پوزیشن پر موجود ہیں ۔ آل راؤنڈرز میں بنگلادیش کے شکیب الحسن پہلی، بھارت کے روندرا جدیجا دوسری اور ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر تیسری پوزیشن پر ہیں۔
تازہ ترین