• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نبی کریمﷺ نے انسانیت کو بہترین زندگی گزارنے کے اصول سکھائے ، قاری بدرالدین

مانچسٹر(علامہ عظیم جی) اللہ کریم کے پیارے حبیب رسول رحمت اللعالمینﷺ اللہ رب العالمین کی سب سے زیادہ حمد کرنے والے تھے، اسی لئے ان کا عرش پر اسم گرامی نام نامی احمد ﷺ اور زمین پر اللہ کی سجدہ ریزی سب سے زیادہ فرمائی اس لئے محمد ﷺ کا مبارک نام دیا گیا، حضور اکرم نبی آخر الزمانﷺ کی ولادت کے بعد جب ان کی دایہ حضرت شفا ؓ نے والدہ کے ساتھ لٹایا تو آپ سجدہ میں چلے گئے، اللہ کے رسول تمام انسانیت کے لئے رحمت وعلم وعمل کا نمونہ بن کر تشریف لائے، آپﷺ نے پوری انسانیت کو بہترین زندگی گزارنے کے اصول سکھائے اور دنیا کو جنت کا گہوارہ بنایا۔ ان خیالات کااظہار معروف عالم دین مولانا قاری بدر الدین نے مدینہ مسجدلیونزوم مانچسٹر میں سیرت النبیﷺ کانفرنس سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خطیب مدینہ مسجد مولانا ظفر اقبال اور انگریزی میں نسیم اشرف نے شان رسالت مآبﷺ سیرت طیبہ پیش کی۔ مولانا قاری بدر الدین نے کہا کہ اللہ رب العزت نے اپنے محبوب ختم المرسلینﷺ کو تمام نبیوں میں اعلیٰ وافضل بنایا اور نبی رحمۃ اللعالمین ﷺ نے شب وروز سخت مشکلات مصائب میں درگزر ایثار قربانی سے لوگوں کو صحیح ہدایت دکھائی اور سب سے زیادہ نماز پر زور دیا، قیامت کے دن بھی تمام انسانیت شفاعت کے لئےخاتم الانبیا رحمۃ عالم ﷺ کے پاس آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے رسول ﷺ کی تعلیمات میں نماز کو سب سے زیادہ اہمیت دی گئی، انہوں نے کہا کہ اللہ اپنے حبیب ﷺ کو قیامت کے روز مقام محمود پر جگہ عطا فرمائیں گے اس لئے کہ انہوں نے اللہ جل شانہ کی سب سے زیادہ حمد کی اور ہم امت رسول آخر حمادون ہیں یعنی اللہ کی حمد اور رسول کریمﷺ کی اطاعت کرنے والی امت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان حکمراں پابند صوم وصلوٰۃ ہوا کرتے تھے شاہجہان نے جب تخت طائوس بنایا تو سب سے پہلے تخت پر سجدہ کیا اور شکر بجا لایا اس طرح حضرت بختیار کاکیؒ نے اپنی وفات پر وصیت کی تھی کہ میری نماز جنازہ ایسا نیک پاکباز پڑھائے جس کی کبھی تکبیر اولیٰ اور نماز عصر سے پہلے کی غیر موقدہ سنتیں قضا نہ ہوئی ہوں تو ان کا جنازہ اس وقت کے بادشاہ محمد التمش نے پڑھایا تھا، انہوں نے کہا کہ ولادت مصطفی کریم وبعثت رسول رحمۃ اللعالمین پوری دنیا کی بقا اور خوشیوں کا محور و مرکز ہے۔ ہمیں اللہ کے پیارے نبیﷺ کی تعلیمات ان کے اخلاق حمیدہ اور اسوۂ حسنہ پر خود بھی چلنا چاہئے اور اپنی آنے والی نسلوں کو بھی اس کی تعلیم وتربیت دینی چاہئے۔ انہوں نے مدینہ مسجد کی انتظامیہ کی شاندار سیرت کانفرنس منعقد کرنے پر تعریف کی۔ مولانا ظفراقبال نے کہا کہ اللہ کے پیارے رسولﷺ سب سے اعلیٰ مقام رکھنے والے محبوب رب اللعالمین ہیں ان کی تمام عمر امت آخر کی بہترین تربیت اور اللہ کے احکامات کو امت میں پھیلانے اور انسانیت کو دنیا وآخرت میں کامیاب فلاح دلانے کی محنت کی، ڈاکٹر یونس پرواز نے ہدیہ عقیدت کے پھول بار گاہ نبویﷺ میں پیش کرکے لوگوں کے دلوں میں رسول رحمت ﷺ کی محبت کو اجاگر کیا۔ سیرت کانفرنس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

تازہ ترین