• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیسٹر میںعلمائے کرام کی زیرقیادت میلاد النبیﷺ کا جلوس، ہزاروں افراد کی شرکت

لیسٹر( وقار ملک) اسلامک سینٹر لیسٹر کے زیر اہتمام عظیم الشان عید میلاد النبیﷺ کا جلوس نکالا گیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں عاشق رسولﷺ نے شرکت کی، لیسٹر کی سڑکوں ، گلی ،محلوں میں اللہ اکبر کی صدائیں ، نعت رسول مقبولﷺ اور کلمہ طیبہ کے ورد نے سب کو گرما دیا، جلوس میں شامل بچوں، بوڑھوں، نوجوانوں نے ہاتھوں میں کلمہ طیبہ کے پوسٹرز اور بینرز اٹھا رکھے تھے، جگہ جگہ کھانے پینے کے سٹال بھی لگائے گئے تھے اور عید کا سماں لگ رہا تھا۔ ہر شخص دل کی گہرائیوں سے جشن عید میلاد النبیﷺ منارہا تھا اور اس جشن میں پہلاور ایک دوسرے سے سبقت لے جانے میں مشغول تھا، بچے جلوس کے شرکا کو چائے سموسے، پکوڑوں اور مٹھائی سے تواضع کرنے میں مصروف تھے ،ہزاروں کے مجمعے کو کنٹرول کرنے کے لئے باقاعدہ پولیس موجود تھی لیکن وہ بھی جلوس کے ساتھ جشن میلاد میں مشغول ہوگئی ان کا کہنا تھا کہ یہ دن ہمارے لئے بھی خوشی کا دن ہے ہر شخص منظم، پرامن اور قانون کے دائرے میں جشن میلاد النبیﷺ منارہا تھا۔ اس میلاد النبیؐ ؐ کے جلوس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ڈاکٹر شاہد رضا نعیمی نے کہا کہ ہمارا مقصد اسلام کی اصل تعلیمات کو اجاگر کرنا ہے، نوجوان نسل بالخصوص کمیونٹی کو یہ یاد کرانا ہے کہ دین اسلام کی رسی کو پکڑ کر ہم امن اور خوشحالی کی طرف برھ سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ حضور اکرمﷺ کی ولادت سے قبل کائنات کے زرے زرے کو اندھیروں، جہالت نے اپنی لپیٹ میں لے رکھا تھا اب کائنات کی بندگی سے انکار اور بیزاری اس معاشرے کا امتیاز بن چکی تھی۔ انسانیت کا احترام اور تکرم کاتصور موجود نہ تھا ان گھٹا ٹوپ اندھیروں میں حق کی شمع روشن ہوئی توحید کا نورنئی اور مبارک سحر لے کر طلاع ہوا، آپﷺ کی آمد ہوئی کائنات کے امام، رب کائنات کے سب سے محبوب اور تمام جہانوں کے لئے رحمت بن کر ہمارے پیارے آقا تشریف لائے اور دنیا میں روشنی آگئی، انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں صبر شکر کا درس دیتا ہے ہمیں اپنے کردار سے دین اسلام کا نام بلند کرنا ہے، جلوس سے ممتاز سکالر حضرت پیر سید سلطان شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آپﷺ کے ارشاد مبارکہ کا ہر نکتہ عالم انسانیت کے لئے فلاح ، احترام، رواداری اور نیکی کا درس دیتے ہوئے زندگی کے تمام امور ومعاملات میں رہنمائی کرتے ہیں۔ حضور اکرمﷺ کا پیش کردہ دستورحیات اس قدر جامع وارفع دلپذیر ہے کہ دنیا بھر کے بڑے بڑے مفکر قائدین سائنسدان نے بھی غیر مسلم ہونے کے باوجود اس مسلمہ حقیقت کو تسلیم کیا، چیئرمین کمیٹی ملک محمد سلیم، محمد تصور ، سید شکیل بخاری، مشتاق طلفی نے کہا کہ میلاد النبیﷺ کے اس جلوس میں عوام کا جم غفیر یہ ثابت کررہا ہے کہ حضور پاکﷺ کا پیغام اٹل اور حقیقت ہے، لیسٹر کی سر زمین پر ہزاروں متوالوں نے اپنے پیارے نبیﷺ کی ولادت کے دن منا کر دنیا پر ثابت کردیا کہ دین اسلام پرامن اور بہترین مذہب ہے۔ انہوں نے سینٹرل مسجد اور اسلامک سینٹر کی انتظامیہ کو انتہائی خوبصورت جشن عید میلاد النبیﷺ منانے پر مبارکباد دی جلوس کا اختتام سینٹرل مسجد میں ہوا جہاں ڈاکٹر علامہ شاہد رضا نعیمی نے مسلمہ امہ بالخصوص برطانیہ کی خوشحال تعمیر وترقی کے لئے خصوصی دعا کی۔
تازہ ترین