• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق وزیراطلاعات آزاد کشمیر محمود ریاض تحریک انصاف میں شامل ہوگئے

سلائو (اورنگزیب چوہدری) آزاد کشمیر کے سابق وزیر برقیات، اطلاعات و ممبر قانون ساز اسمبلی برائے اوورسیز محمود ریاض تحریک انصاف میں شامل ہوگئے، انہوں نے تحریک انصاف میں باضابطہ شمولیت کا اعلان آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم و صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی رہائش گاہ پر اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب کے دوران کیا۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سطان محمود چوہدری نے سابق وزیر برقیات و اطلاعات محمود ریاض تحریک انصاف میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا، اس موقع پر آزاد کشمیر کے سابق وزیر چوہدری اکبر ابراہیم، سردار امتیاز، کرنل ضمیر خان، شیخ مقصود احمد، جہانگیر احمد بٹ سمیت پارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد نے محمود ریاض کا تحریک انصاف میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔ تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر سابق وزیراعظم آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ سابق وزیر محمود ریاض کی تحریک انصاف میں شمولیت سے اوورسیز کشمیریوں کے حوصلے مزید بلند ہوں گے۔ محمود ریاض تجربہ کار باصلاحیت اور متحرک سیاسی کارکن ہیں۔ وہ پارٹی کے لیے قیمتی اثاثہ ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں آئندہ تحریک انصاف کی حکومت ہوگی۔ آزاد کشمیر کے سابق وزیر محمود ریاض نے تحریک انصاف میں باضابطہ شمولیت اختیار کرنے کے بعد واپس برطانیہ آمد کے موقع پر جنگ لندن سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر دونوں اطراف کے کشمیریوں کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق دوٹوک اور دلیرانہ موقف اختیار کرکے دونوں اطراف کے کشمیریوں سمیت اوورسیز کشمیریوں کے دل جیت لیے ہیں۔ عمران خان کے وزیراعظم منتخب ہونے سے بیرونی دنیا میں ملک پاکستان کی عزت و وقار میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے، عمران خان نہ صرف انٹر نیشنل کمیونٹی میں اپنا منفرد مقام رکھتے ہیں بلکہ ان کی بات اور رائے کو بھی اہمیت دی جاتے ہے۔ محمود ریاض نے کہا کہ وہ تحریک انصاف میں ایک بڑے قومی مشن کی تکمیل کے لیے شامل ہوئے ہیں۔ اس وقت دونوں اطراف کے کشمیریوں کی عمران خان اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے بہتر کوئی بھی نمائندگی نہیں کرسکتا۔
تازہ ترین