• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسلمان بچوں کی دینی واخلاقی تربیت ضروری ہے، لارڈا حمد

بریڈفورڈ(محمد رجاسب مغل )سنی فاؤنڈیشن کے زیراہتمام چھوٹے بچوں کی تعلیم و تربیت کے لئے قائم کی گئی ’’سنی اکیڈمی “ کی افتتاحی تقریب بریڈفورڈ میں منعقد کی گئی ۔ اس تقریب میں سیاسی ، سماجی ، دینی اور کاروباری شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ تقریب میں ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ نذیر احمد ، ممبر پارلیمنٹ عمران حسین نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی جب کہ سنی فاؤنڈیشن کے چیئرمین عمران چوہدری تقریب کے میزبان تھے ۔ مقررین میں سنی اکیڈمی کے سربراہ استاد اسد شفاعت اور سنی اکیڈمی کے سرپرست امام حافظ عمر خان بھی شامل تھے ۔ مقررین نے اپنی تقریروں میں تعلیم کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالی اور تعلیم کے فروغ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا ۔ لارڈ نذیر احمد نے اپنی تقریر میں کہا کہ مسلم گھرانوں کے بچوں کی دینی تعلیم اور اخلاقی تربیت کے لئے سنی اکیڈمی کا قیام خوش آئند ہے ۔ سنی اکیڈمی کے قیام سے چھوٹے بچوں کی تعلیمی ضرورتیں پوری ہوں گی ۔ سنی اکیڈمی کا ماحول ، معیار اور نصاب انتہائی متاثرکن ہے ۔ سنی اکیڈمی کے اساتذہ تربیت یافتہ اور باصلاحیت ہیں ۔ سنی اکیڈمی کے ذریعے انگلش بولنے والے مبلغین اور خطباء تیار ہوں گے ۔ سنی اکیڈمی کے قیام پر عمران چوہدری کو مبارک باد پیش کرتا ہوں ۔ ممبر پارلیمنٹ عمران حسین نے کہا کہ سنی اکیڈمی کا قیام بریڈفورڈ کی مسلم کمیونٹی کے لئے خوشخبری ہے ۔ مسلمان بچوں کی صحیح بنیادوں پر تعلیم و تربیت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔ چھوٹے بچوں کی دین سے وابستگی کو مضبوط بنانے کے لئے سنی اکیڈمی اہم کردار ادا کرے گی، میں سنی اکیڈمی کے لئے تیار کروائے گئے سلیبس سے بہت متاثر ہوا ہوں ، میں مسلم والدین سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اپنے بچوں کو سنی اکیڈمی جیسے علمی گہوارے میں داخل کروائیں تاکہ ان کے بچوں کو تعلیم کے ساتھ ساتھ تربیت بھی مل سکے ۔ سنی فاؤنڈیشن کے چیئرمین عمران چوہدری نے کہا کہ سنی اکیڈمی میں چھوٹی عمر کے بچوں کے لئے خصوصی طور پر نصاب تیار کروایا گیا اور تدریس کے لئے قابل اساتذہ کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔ ہم نے سنی اکیڈمی تاجرانہ نہیں نظریاتی اصولوں کے تحت قائم کی ہے ۔ ہمارا ہدف ہر مسلمان بچے کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا ہے تقریب سے علامہ ساجد محمود فراشوی ،چوہدری خالد نے بھی خطاب کرتے ہوئے نوجوان نسل کو حقیقی قرآن وسنت کی تعلیمات سے روشناس کرنے پر زور دیا ۔
تازہ ترین