• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامع مسجد حنفیہ غوثیہ سے میلادالنبیﷺ کا جلوس نکالا گیا

برٹن آن ٹرنٹ (آصف محمود براہٹلوی) میلاد مصطفیؐ منانے سے سکون قلب و اطمنان میسر ہوتا ہے۔ برطانیہ کے شہر برٹن آن ٹرنٹ میں ہزاروں عاشقان مصطفیٰؐ نے جامع مسجد حنفیہ غوثیہ سے جلوس کی شکل میں درودو سلام کی صدائیں بلند کرکے آقائے دوجہاںؐ کے ساتھ والہانہ عقیدت کا اظہار کیا۔ تفصیلات کے مطابق جامع مسجد حنفیہ غوثیہ برٹن آن ٹرنٹ سے پچیسویں سالانہ جلوس و جلسہ جشن عید میلادالنبیؐ کے حوالے سے منعقد میلاد کانفرنس سے علما کرام، مشائخ عظام، کمیونٹی رہنمائوں، سیاسی و سماجی لیڈروں نے خطاب کیا۔ عالمی مبلغ اسلام صاحبزادہ محمد رفیق چشتی سیالوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ظہور اسلام سے قبل دنیا ہر طرف اندھیرے میں ڈوبی ہوئی تھی۔ ظلم و ستم و ناانصافی کا بازار گرم تھا۔ حضورؐ کی جلوہ گری نے انسانیت کو عزتوں کی معراج تک پہنچا دیا۔ دنیا بقہ نور بن گئی۔ متوسط پسے ہوئے طبقہ کو اعلیٰ مقام ملا۔ جامع مسجد حنفیہ کے چیئرمین الحاج چوہدری شوکت کی سرپرستی میں منعقدہ میلاد مصطفی کا جلوس و جلسہ کا انعقاد ہوا۔ جلوس کی قیادت جید علماء کرام، کمیونٹی لیڈران سیاسی و سماجی رہنمائوں علامہ ڈاکٹر درانی، علامہ محمد حسین گولڑوی، قاری علامہ ذوالفقار شاکر، قاری رضا المصطفی چشتی، بیرسٹر چوہدری نجابت، زاہد علی چوہدری، حافظ فاروق چشتی، مفتی محمد اقبال چشتی، طارق بھائی، علامہ عبدالرحمن سلطانی سمیت کثیر تعداد میں شمع رسالت کے پروانوں نے جلوس میں شریک ہوکر آقا دوجہاںؐ کے ساتھ محبت و عقیدت کا اظہار کیا، جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا مختلف شاہرائوں سے گزرتا ہوا درودو سلام کی صدائیں بلند کرتے ہوئے شمع رسالت کے پروانے دلوں میں تصور سرکار دوجہاں لئے ہوئے ایسے جھوم جھوم کر چل رہے تھے کہ سامنے منزل مقصود ہے۔ شرکا نے مختلف قسم کے کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔ مرحبا یا مصطفیٰ، آمد مصطفیٰ مرحبا، اسلام امن کا مذہب ہے۔ دہشت گردی کے خلاف ہے۔ حضور نبی کریمؐ صرف مسلمانوں کے نہیں بلکہ پوری کائنات کے لئے نبی بن کر آئے تھے۔ جلوس کی سیکورٹی کے لئے ویسٹ یارکشائر پولیس کے علاوہ رضاکاروں کی کثیر تعداد موجود تھی، جگہ جگہ شرکاء جلوس کا استقبال کیا جاتا رہا، خواتین، بچے ہاتھوں میں سبز جھنڈے لئے شرکاء جلوس کا استقبال کرتے۔ مسجد حنفیہ سے دوسری مسجد تک کا سفر صبح12بجے سے لے کر نماز ظہر تک جاری رہا۔ جلوس کے روٹ کو عام ٹریفک کے لئے مکمل بند کردیا گیا تھا۔ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آیا، جلوس کے دوران ایمبولینس کو سیکورٹی کے رضاکاروں نے بڑی پھرتی سے راستہ دیا۔ اسکائی ویوز سے پتہ چلتا تھا کہ ہزاروں افراد پر ممشتمل شرکاء طویل قطاروں میں پھیلے ہوئے ہیں۔ برٹن کی تاریخ کا سب سے بڑا جشن عید میلاد النبیؐ کا جلوس تھا۔ واپس منزل تک پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا گیا۔ موسم بھی خوشگوار تھا، لیکن عاشقان مصطفی کے چہروں پر خوشی عیاں تھی۔ جیسے کامیابی کی نوید مل گئی ہو۔ صاحبزادہ محمد رفیق چشتی سیالوی نے ملکی سلامتی کے لئے کیک کاٹ کر اجتماعی دعا کرائی۔
تازہ ترین