• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گمراہ کو رَستے پہ لگایا ہے اُنہوں نے

انسان کو انسان بنایا ہے اُنہوں نے

ہوتی نہیں کم فیض رسانی کبھی جس کی

حکمت کا وہ گنجینہ لُٹایا ہے اُنہوں نے

ہر سچ سے دلائی ہے اُنہوں نے ہمیں رغبت

ہر جھوٹ سے اکراہ سکھایا ہے اُنہوں نے

کیا بات ہے دنیا میں بشر کے لئے بیجا

کیا کام بجا ہے، یہ بتایا ہے اُنہوں نے

کی ہے ہمیں ایک ایک بھلائی کی ہدایت

ایک ایک بُرائی سے بچایا ہے اُنہوں نے

بُغض اور عِناد اور عداوت پہ جواباً

دریائے محبّت ہی بہایا ہے اُنہوں نے

بالا ہے تصوّر سے بھی جس کی کوئی تجسیم

اُس نُور کا دیدار کرایا ہے اُنہوں نے

ہے دیکھنے کی چیز شعورؔ آئینہ دل

بندے کو خود اپنے سے ملایا ہے اُنہوں نے

تازہ ترین