• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاؤ میڈیکل کالج: 254 امیدواروں کو داخلہ لیٹر جاری

کراچی (بابر علی اعوان / اسٹاف رپورٹر) کراچی میں ایم بی بی ایس میں داخلوں کے لئے میرٹ پر آنے والے ابتدائی 254 امیدواروں کو ڈاؤ میڈیکل کالج میں داخلے کے لیٹرز جاری کر دیئے گئے ۔ منگل کو میرٹ پر آنے والے 1200 میں سے ابتدائی 300 امیدواروں کو والدین کے ہمراہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی طلب کیا گیا اور ان کی چوائس پوچھی گئی ۔ ابتدائی 254 امیدواروں نے ڈاؤ میڈیکل کالج جبکہ 46 امیدواروں نے سندھ میڈیکل کالج میں داخلے کی خواہش ظاہر کی جس پر داخلہ کمیٹی نے انہیں ڈاؤ اور سندھ میڈیکل کالج میں داخلے کے لیٹرز جاری کر دیئے ۔ داخلہ کمیٹی کے سربراہ اور جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سید طارق رفیع نے جنگ کو بتایا کہ میرٹ پر آنے والی پہلی طالبہ نے 95 فیصد نمبر حاصل کیے تھے جبکہ 254 نمبر میرٹ والے امیدوار کے 87.8 فیصد نمبر تھے اس طرح ڈاؤ یونیورسٹی کا میرٹ 87.8 فیصد پر بند ہوا اور سندھ میڈیکل کالج کا میرٹ 87.9 فیصد سے شروع ہوا ۔

تازہ ترین