• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی سی سی، بھارت سے ہرجانے کیلئے پاکستان کی درخواست مسترد، اب ہم پاکستان سے ہرجانہ لینگے، بھارت

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارت کی ہٹ دھرمی کے سامنے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی ہتھیار ڈال دیئے ہیں اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے دو طرفہ سیریز نہ کھیلنے پر بھارت پر ہرجانے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی درخواست خارج کردی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کی تنازعات کے حل کی کمیٹی (ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی) کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب قانونی مشاورت کے بعد حکمت عملی ترتیب دیں گے۔ ترجمان پی سی بی کے مطابق بھارتی بورڈ نے 9 اپریل 2014 کو مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے لیکن اس تحریری معاہدے کی خلاف ورزی کی۔ جبکہ آئی سی سی کا کہنا ہے کہ کسی فریق کو اس فیصلے پر اپیل کا حق حاصل نہیں، کیس پر فیصلہ حتمی ہے۔ دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ کمیٹی آف ایڈ منسٹریٹرز نے فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے موقف کو درست تسلیم کیا گیا ہے۔سوشل میڈیا پر بی سی سی آئی کمیٹی کے رکن ونود رائے نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آئی سی سی کمیٹی کی جانب سے موقف تسلیم کرنے پر خوش ہیں ۔پی سی بی کی مفاہمت کی یادداشت تجاویز کا ایک لیٹر تھا۔ اس کی حیثیت اس سے زیادہ نہیں تھی۔ ونود رائے نے کہا کہ بھارتی بورڈ اب جوابی ہرجانہ دائر کریگا۔ بھارتی کرکٹ کنٹرول بورڈ، پی سی بی سے کیس پر آنے والے اخراجات طلب کرےگا۔ کیوں کہ آئی سی سی نے پی سی بی کےدعوے کو مسترد کر دیا ہے۔ قبل ازیں پی سی بی نے ایم او یو کی پاسداری نہ کرنے اور معاہدے کے مطابق پاکستان کے ساتھ سیریز نہ کھیلنے پر بھارتی کرکٹ بورڈ پر نقصان کے ازالے کیلئے 63 ملین ڈالرز کے ہرجانے کا دعوی کیا تھا اور پی سی بی اور بی سی سی آئی نے یکم سے تین اکتوبر تک آئی سی سی کی ڈسپیوٹ ریزولیشن کمیٹی کے سامنے دلائل دیے تھے۔

تازہ ترین