• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام معاہدے پارلیمنٹ میں لے کر جائیں گے، افتخار درانی

کراچی (ٹی وی رپورٹ)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے میڈیا افتخار درانی نے کہا ہے کہ میثاق معیشت کی ضرورت نہیں ہماری معاشی ٹیم اچھی ہے اچھے نتائج آئیں گے،آئی ایم ایف کی شرائط کا اندازہ تھا اس لئے پہلے دوست ممالک سے رابطہ کیا ، تمام معاہدے پارلیمنٹ میں لے کر جائیں گے ،حکومت کو ٹی ایل پی سے مذاکرات میں اپوزیشن کو آن بورڈ لینا چاہئے، پاکستان کا امریکا کے ساتھ محبت اور نفرت کا رشتہ کافی پرانا ہے۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میرسے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں پیپلز پارٹی کے رہنما سید نوید قمر اور ن لیگ کے رہنما رانا ثناء اللہ بھی شریک تھے۔نوید قمر نے کہا کہ پاکستان پر دباؤ بڑھانا اور ہاتھ سے جانے نہ بھی دینا امریکی حکمت عملی ہے ،حکومت ہر بات پر یوٹرن لے گی تو پھر ساتھ کون کھڑا ہوگا،حکومت کا مذہب کی ہتک کے عالمی کنونشن پر دستخط کروانا اچھا قدم ہے۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت قومی معاملات پر اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنے کا ارادہ نہیں رکھتی ہے،عمران خان کے ٹرمپ کے بیان پر ردعمل کے بعد دنیا کو پتا چلا کہ ایک نہیں دو ٹرمپ ہیں،حکومت ایوان میں ڈاکو، چور کی گردان کرتی رہی اگر ہم نے یہودی لابی اور یہودی بچے کی گردان کی تو حکومت پر کیا گزرے گی۔میزبان حامد میر نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ منگل کو اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب میں ایک تقریب ہوئی جس میں سینئر صحافی حسین نقی مہمان خصوصی تھے جہاں بہت بڑی تعداد میں صحافیوں نے ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا، حسین نقی کے ساتھ سپریم کورٹ میں ایک واقعہ ہوا تھا اور پیر کو چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ اگر حسین نقی صحافیوں کے استاد ہیں تو ہمارے بھی استاد ہیں، بظاہر انہوں نے وہ معاملہ وہاں ختم کردیا لیکن صحافیوں نے ضروری سمجھا کہ حسین نقی کے ساتھ بھرپور انداز میں اظہار یکجہتی کیا جائے۔ افتخار درانی نے کہا کہ پاکستان کا امریکا کے ساتھ محبت اور نفرت کا رشتہ کافی پرانا ہے، امریکا کو افغانستان میں اپنی ناکامی چھپانے کیلئے قربانی کا بکرا چاہئے، امریکی صدر کو اپنے ٹیکس دہندگان سے جھوٹ نہیں بولنا چاہئے، جس مشکل سے ہم گزرے ہیں واشنگٹن میں بیٹھا شخص اس کا اندازہ نہیں لگاسکتا، پاکستا ن نے پچھلے دس بارہ سال جس ذہنی اذیت سے گزارے اس کی کوئی قیمت نہیں ہے، پنٹاگون نے پاکستان سے متعلق امریکی صدر سے مختلف موقف اختیار کیا ہے، امید ہے معاملات رفتہ رفتہ بہتر ہوں گے۔

تازہ ترین