• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان اور چین کے مابین کراچی تا پشاور ٹریک کی اپ گریڈیشن کا معاہدہ

لاہور (نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) پاکستان اور چین کے درمیان ایم ایل ون کا معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت کراچی تا پشاور ٹریک کی اپ گریڈیشن کی جائے گی، منصوبے کی حتمی رپورٹ 25 دسمبر کو پاکستان ریلویز کو پیش کی جائے گی۔ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ایم ایل ون سی پیک کی بیک بون ہے، زندہ رہا تو ایک لاکھ ملازمتیں دیکر جاؤں گا ، کراچی سرکلر ریلویز مل گئی تو غریبوں کو گھر بناکر دیں گے ۔ وہ چین کے نائب وزیرریلویز کے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ اس موقع پر چین سے آیا 45 رکنی وفد اور چائنیز ریلویز حکام سمیت پاکستان ریلویز کے تمام سینئر افسران چیئرمین جاوید انور بوبک اور سی ای او آفتاب اکبر بھی موجود تھے۔ شیخ رشید نے کہا کہ چینی وفد کی پاکستان آمد کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ پاکستان اور چین کے درمیان تعاون خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے پشاور تک ٹریک کی اپ گریڈیشن کا معاہدہ طے پاگیا ہے، ایم ایل ون کے فیز 1 کی ابتدائی رپورٹ 25 دسمبر تک تیار کی جائے گی، ہم ایم ایل ٹو اور ایم ایل تھری پر بھی کام کرنا چاہتے ہیں۔ ریلویز ہیڈکوارٹرز میں چائنیز وفد کے ساتھ معاہدے کی یادداشت پر دستخط کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے ملک کی اکانومی کو اس بری طرح نوچا تاہم عمران خان نے سخت محنت کر کے اکانومی کو بحران سے نکال لیا ہے۔
تازہ ترین