لا ہو ر ( خصوصی رپورٹر،کر ائم رپو رٹر،جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کی زیر صدارت کیبنٹ سب کمیٹی برائے امن وامان کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر موجود تھے۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کیپٹن ریٹائرڈ فضیل اصغر نے وزیر قانون اور چیف سیکرٹری کو ربیع الاول کے حوالے سے کیے گئے سکیورٹی انتظامات کے متعلق آگاہ کیا۔ مزید برآںآئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے صوبے بھر میں جشنِ عید میلاد النبی ؐ کے سلسلے میں منعقد ہونے والی 1821محافل اور نکالے جانے والے 2004جلوسوں کے شرکاء کی سیکیورٹی کے سلسلے میں انتظامات کو حتمی شکل دیتے ہوئے تمام فیلڈ افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں دئیے گئے ایس او پی کے مطابق ان کی بھرپور سکیورٹی کے انتظامات کریں ۔دریں اثناء محکمہ صحت پنجاب نے لاہور سمیت صوبہ بھر کے تمام ٹیچنگ اور ڈی ایچ کیو و ٹی ایچ کیو ہسپتالوں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات کی ہےوائس چئیرمین واسا شیخ امتیاز محمود کی ہدایت پر واسا نے عید میلادالنبی ؐ کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی۔ شہر میں عید میلاد النبی کے جلوسوں کے روٹس کو مسلسل مانیٹر کیا جائیگا ۔