• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحافت پر پابندی میں کچھ سیاسی جماعتوں کا بھی کردار ہے،حسین نقی

اسلام آباد(ایوب ناصر،خصوصی نامہ نگار)سینئر صحافی حسین نقی نے کہا ہے کہ پاکستان کی تابندہ صحافت میں مشرقی پاکستان کے سیاسی جماعتوں اور صحافیوں کا سب سےزیادہ کرداررہا ہے ،معزز چیف جسٹس کا شکریہ جنہوں نے صحافیوں کو کوایک کر دیا،پاکستان میں صحافت کا گلا گھونٹنے کا سلسلہ 1948میں ہی شروع ہو چکا تھا،آمریت کے زمانے میں آنے والے پریس نوٹ کی پروف ریڈنگ کی بھی اجازت نہیں تھی،پاکستان میں مختلف طریقوں سے صحافت پر پابندی کی کوشش کی گئی،اس میں کچھ سیاسی جماعتوں کا بھی کردار ہےـمنگل کو نیشنل پریس کلب میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سےخطاب کرتے ہوئے حسین نقی نےکہا کہ ہمیشہ قانون کی بالا دستی کیلئے جدوجہد کی،عدالتوں کا ہمیشہ احترام کیا ہے، مقررین کا حسین نقی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حسین نقی اظہار رائے کی آزادی کا استعارہ ہے،ان کی وجہ سے مزاحمتی صحافت میں دوبارہ جان آگئی ہے،ان کی جلائی ہوئی شمع کو بجھنے نہیں دیں گے،انہوں نے ہمیشہ طبقاتی نظام کے خلاف جدوجہد کی،انکی وجہ سے آج مل بیٹھنے کا سلیقہ آیا،آج پورے صحافیوں کو متحد کر دیا۔سینئر صحافی محمد ضیاء الدین احمد نے کہا کہ حسین نقی ہمارے لیے مشعل راہ ہیں،پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے کہا کہ سارےباشعور لوگوں کو معلوم ہیں کہ آنے والا وقت میڈیا کیلئے سازگار نہیں،جو بات آج ہم کررہے ہیں وہ عاصمہ جہانگیر دو سال پہلے کر چکی ہیں۔صدر نیشنل پریس کلب طارق چوہدری نے کہا کہ پہلے یہ سوچتا تھا کہ اس معاشرے سے جمہوریت ختم ہو گئی ہے،حسین نقی کےذریعے صحافت اور جمہوری اقدار میں دوبارہ جان آگئی،ہمیں اس بات کا عہد کرنا ہو گا کہ حسین نقی کے کردار کو زندہ رکھیں گےـسینئر صحافی حامد میر نے کہا کہ حسین نقی کی وجہ سے صحافی آج اکٹھے ہوئے،غیر اعلانیہ سنسرشپ کے خلاف جدوجہد شروع کرنے کی کوشش کی تھی،میڈیا کے ساتھ ابھی تو آغاز ہوا ہےآگے حالات اس سےسنگین دیکھ رہے ہیں،صحافیو ں کو حسین نقی جیسے لوگوں کے احترام میں اتحاد کو برقرار رکھنا چاہئے،حسین نقی نوجوان صحافیوں کیلئے مشعل راہ ہیں، ناصر زیدی نے کہا کہ حسین نقی اظہار رائے کی آزادی کے پرچم کو تھامے ہوئے قلم کے کمانڈر ہیں۔مبارک زیب خان نے کہا کہ حسین نقی نےجس طرح کا اسٹینڈ لیا اس کی تعریف کیلئے ہمارے پاس الفاظ نہیں،شاعر حارث خلیق نے کہا کہ حسین نقی نےہمیشہ طبقاتی نظام کے خلاف جدوجہد کی۔کالم نگار کشور ناہید نے کہا کہ حسین نقی،منہاج برنا ہماری طاقت ہیں،چیف جسٹس نےبھی تسلیم کیا کہ حسین نقی عظیم انسان ہیں، علی رضا علوی نے کہا کہ حسین نقی نے پریس کلب کاقد بڑھایا دیا،ناصر ملک نے کہا کہ اظہار رائے کیلئے لڑنا انہی سے سیکھا، مستنصر جاوید نے کہا کہ حسین نقی کیلئے چند الفاظ کہنا میری خواہش تھی۔فوزیہ شاہد نے کہا کہ حسین نقی نے چند گھنٹوں میں صحافیوں کو متحد کر دیاہے۔
تازہ ترین