• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم کے دورۂ ملائیشیا کا مشترکہ اعلامیہ جاری


وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے دورۂ ملائیشیا کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا۔

وزیر اعظم عمران خان کی ملائشین ہم منصب مہاتیر محمد سے ملاقات کے دوران دو طرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال ہوا، وزیر اعظم عمران خان نے انتخابات میں کامیابی پر مہاتیر محمد کو مبارک باد دی۔

مشترکہ اعلامیے کے مطابق پاک ملائیشین وزرائے اعظم کی ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات میں اضافے کے لیے ہر سطح پر روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

آئندہ سال اسلام آباد میں پاکستان اور ملائیشیا کی جانب سے مشاورتی اجلاس کے انعقاد پر اتفاق کیا گیا ، مہاتیر محمد نے توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے پاکستان سے تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عمران مہاتیر ملاقات میں دونوں ممالک نے اقتصادی تعاون، تجارت اور سرمایہ کاری کی ضرورت پر زور دیا۔

عمران خان نے ایل این جی، پن بجلی اور قابل تجدید توانائی میں ملائیشیا کے تعاون کا خیر مقدم کیا، انہوں نے ملائیشین کمپنیوں کو پاکستان میں خصوصی اقتصادی زون میں سرمایہ کاری کی دعوت بھی دی۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان اور ملائیشیا نے دفاعی تعاون کے لیے مفاہمت کی یادداشت کا اعادہ کیا، حلال مصنوعات کے شعبے میں ایک دوسرے کے تجربات سے سیکھنے پر اتفاق کیا۔

عمران خان اور مہاتیر محمد نےمسلم امہ کے مضبوط اتحاد، تعلیم، سیاحت، عوامی روابط، سماجی و اقتصادی ترقی کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان نے کرپشن کے خاتمے کے لیے ملائیشیا کے تجربات سے استفادہ کرنے کا اظہار کیا جبکہ ملائیشیا نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کامیاب کوششوں کو سراہا۔

مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کو کسی مذہب سے منسلک نہیں کیا جا سکتا، دونوں ممالک نے مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔

اعلامیے کے مطابق پاک ملائشین وزرائے اعظم ملاقات کے دوران مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے او آئی سی کا کرداربھی زیر غور آیا، وزیر اعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے مہاتیر محمد کو آگاہ کیا۔

پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان دفاع، تعلیم، سیاحت، کرپشن کے خاتمے اور دیگر امور میں تعاون پر اتفاق ہوا ہے۔

اس سے قبل ملائیشیا کے دورے پر گئے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے دارالحکومت کوالالمپور میں ملائیشین ہم منصب مہاتیر محمد کے ساتھ پریس کانفرنس بھی کی۔

پریس کانفرنس میں وزیر اعظم عمران خان نے بتایا کہ ملائیشین وزیر اعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد آئندہ مارچ میں پاکستان کا دورہ کرنے اور یوم پاکستان کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد نے کہا کہ مستقبل میں مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق ہوا ہے، دونوں ملکوں میں مختلف شعبوں میں تعاون پر بات چیت ہوئی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ خزانہ، نجکاری،سیاحت خوراک اور دیگر شعبوں میں تعاون پر بھی دونوں سربراہان مملکت میں اتفاق ہوا ہے۔

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ڈاکٹر مہاتیر محمد کے ماضی کے تجربات سے سیکھنے ملائیشیا آئے ہیں،ملائیشیا اور پاکستان کے حالات ملتے جلتے ہیں۔

اس سے پہلے ملائیشیا میں وزیر اعظم عمران خان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا ہےجبکہ انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان ملائیشین اینٹی کرپشن ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کریں گے۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان گزشتہ رات 2 روزہ دورے پر ملائیشیا پہنچے ہیں، ان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیر اعظم کے معاون خصوصی رزاق داؤد اور دیگر بھی ہیں

وزیراعظم آفس ملائیشیا میں نائب وزیرڈاکٹرمحمد فرید بن رفیق نے عمران خان کا استقبال کیا، ان کے ساتھ ملائیشین نائب وزیر خارجہ اور پاکستان کے ہائی کمشنر نفیس زکریا بھی موجود تھے۔

وزیراعظم کو دورے کی دعوت ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد نے دی ہے۔

تازہ ترین