• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

جشن ولادتﷺ : ملک بھر جلوس، ریلیاں اور تقاریب

دارالحکومت اسلام آباد، بڑے شہروں کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک بھر میں رحمۃ للعالمین،تاجدار انبیا،سرکار دو عالم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی ولادت با سعادت کی خوشی میں ملک بھر میں جلوس، ریلیاں اور تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔

کراچی میں بھی عیدمیلادالنبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی مختلف علاقوں سے جلوس نکالے گئے، مرکزی جلسہ نشتر پارک میں ہوا۔


کراچی میں 12 ربیع الاول کا مرکزی جلوس جماعت اہلسنت پاکستان کے تحت نیو میمن مسجد سے برآمد ہوا،جلوس کی قیادت علامہ شاہ عبدالحق قادری، حاجی حنیف طیب،مولانا کوکب نورانی، مولانا ابرار رحمانی سمیت دیگر علمااکرام نے کی ۔

جلوس اپنے روایتی راستوں سٹی کورٹ،جامع کلاتھ،تبت سینٹر،ایم اے جناح روڈ سے ہوتا ہوا، نمائش چورنگی سے نشتر پارک پہنچا، جہاں مرکزی جلسے سے شاہ عبد الحق قادری نے خطاب میں کہا کہ جماعت اہلسنت پاکستان علماء کا عظیم گلدستہ ہے،چاہتے ہیں کہ تمام اہلسنت علماء ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو جائیں۔

جلسے اور ریلیوں کے لئے سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے، انتظامات کا جائزہ لینے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ بھی ایم اے جناح روڈ پہنچے۔ چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفی کمال نے بھی ایم اے جناح روڈ پر پارٹی کیمپ کا دورہ کیا۔

اس سے قبل کورنگی نمبر 2 غوثیہ مسجد سے جلوس نکالا گیا، جلوس میں فاروق ستار نے بھی شرکت کی، جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا کورنگی ڈھائی نمبر پر اختتام پزیر ہوا۔

پاکستان سنی تحریک تحت جلوس جامعہ کلاتھ سے نکالا گیا،جس کی قیادت سربراہ سنی تحریک ثروت اعجازقادری کر رہے ہیں۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم عقیدت و احترام سے منایاگیا۔

جڑواں شہروں میں تمام بڑی عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے، 12ربیع الاول کے سلسلے میں سینکڑوں چھوٹے بڑے جلوس برآمد کئے گئے ہیں۔

اسلام آباد میں جی سیون گراونڈ سے برآمد ہونے والا جشن میلاد کا مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا آبپارہ کے قریب دربار سخی محمود پر اختتام پذیر ہوا راولپنڈی کے مختلف مساجد سے برآمدہونے والے جلوس جامعہ مسجد روڈ سے بنی چوک، کوہاٹی بازار، کمیٹی چوک، اقبال روڈ فوارہ چوک سے واپس جامعہ مسجد روڈ جا کر اختتام پذیر ہوئے۔

جلوس میں عاشقان رسول ﷺ کی کثیر تعداد شریک ہے،جہاں جلوس کے شرکاء کے لئے جگہ جگہ کھانے پینے کے لیے نیاز اور سبیلیں لگائی گئیں ہیں اور نعت خواں اپنی پر سوز آوازوں میں نعتیں پڑ ھ رہے ہیں۔

اس موقع پر سڑکوں، بازاروں، چوراہوں اور عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے جبکہ پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

کوئٹہ میں عید میلاد النبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی، میلاد مصطفیٰ کے سلسلے میں نکالا گیا مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہوگیا۔

کوئٹہ میں جشن عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم شایان شان طریقے سے منانے کےلیے شہریوں نے گھروں، مساجد اور محلوں کو برقی قمقموں سے سجایا۔

بارہ ربیع الاول کی صبح کا آغاز کینٹ میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا، جشن ولادت مصطفیٰ کی مناسبت سے شہر کے مختلف علاقوں سے 13 بڑے جلوس نکالے گئے جو باچاخان چوک پہنچ کر اکٹھے ہوئے جہاں سے بعد دوپہر مرکزی جلوس نکالا گیا، شرکا نے نئے کپڑے اورٹوپیاں پہنی تھیں،جن پرمیلاد مصطفیٰ کی مناسبت سے بیجزسجائے گئے تھے۔

جلوس مقررہ راستوں لیاقت بازار، جنکشن چوک، پرنس روڈ، مسجد روڈ، شاہراہ اقبال سے ہوتا ہوا منان چوک پہنچا، جہاں علمائے کرام نے خطاب کرتے ہوئے اسوہ رسول پرروشنی ڈالی ،جلوس کے اختتام پرخصوصی دعا کرائی گئی ۔

اس موقع پر شہر میں 3 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات تھے جبکہ فرنٹئیرکور اور لیویز اہلکاروں نے بھی سیکیورٹی کے فرائض سر انجام دیے، باچاخان چوک اور جلوس کے روٹ کو رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کیا گیا تھا جبکہ شہرمیں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد تھی۔

پشاور میں شمع رسالت کے پروانوں نے سرکار دوعالم کا یوم ولادت مذہبی عقیدت و احترام سے منایا۔

پورے شہر کو برقی قمقموں سے سجایا گیا، میلاد کی روح پرور محافل دن بھر برپا رہیں، شہر بھر میں ریلیاں بھی منعقد کی گئیں۔

سیرت کانفرنسوں میں مقررین نے اسوہ حسنہ کی پیروی کو دنیاو آخرت میں کامیابی کا وسیلہ قرار دیا۔

پشاور میں جشن عیدمیلاد النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا آغاز نماز فجر کے بعد اسلام کی بالادستی اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعاوں سے ہوا۔

جناح پارک میں پاک فوج کی طرف سے اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔

تازہ ترین
تازہ ترین