• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’ملک اب کسی اور کے نظریے سے نہیں چلے گا‘

وزیر مملکت برائے داخلہ شہریارآفریدی کا کہنا ہے کہ ماضی میں ملک میں بین الاقوامی این جی اوز کو ہماری روایات اورعقائد کے خلاف کام کرنے کی کھلی آزادی دی گئی، پاکستان اب کسی اور کے نظریے سے نہیں چلے گا، ہمارے لئے سب سے پہلے پاکستان ہے

اسلام آباد میں قومی سلامتی، تعمیر اور ماس میڈیا کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ بھارت نے افغانستان میں اپنے پنجے گاڑ لیے ہیں، وہاں بھارت کا اتنا اثر ہے کہ مجھے طاہر داوڑ کی میت لینے کیلئے دو گھنٹےسرحد پر کھڑا رکھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے موقف کو کیوں عالمی سطح پر پروموٹ نہیں کیا جا رہا؟ شکاگو میں کرائم ریٹ سب سے زیادہ ہے مگر امریکی چینل اس پر توجہ نہیں دیتے۔

شہریارآفریدی نے کہا کہ ہمارے لیے سب سے پہلے پاکستان اور بعد میں سب کچھ ہے، خطے کی سلامتی میں ہم اہم شراکت دار ہیں، ہمیں اپنوں کو خوش کرنا ہے، غیرملکیوں کو نہیں، ہم نے اپنوں کو خوش رکھنے کی بجائے گوروں کو خوش رکھنے کی پالیسی اپنا رکھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی کامیابیوں کو اجاگر کرناہوگا، ہم ایک ایک پائی ایک ایک آنے کا جواب دیں گے، یہ تبدیلی نہیں ہے کہ بٹن دبایا اور تبدیلی نکل آئی، ہمیں وقت دیں۔

وزیر مملکت نے کہا کہ جب میں نے بڑے لوگوں کو چیلنج کیا تو ٹرمپ کا کچن میرا کچن بنا دیا گیا، مجھ پر کچن میں قیمتی ٹائیلیں لگانے کا الزام لگایا گیا، وزیراعظم کے پاس گیا اور کہاکہ ایف آئی اے کے ذریعے تحقیقات کرانا چاہتا ہوں، اگلے دن کہا گیا کہ میرے خلاف وزیراعظم نے انکوائری کا حکم دے دیا ہے، آج روایتی سوچ کا زمانہ ہے لیکن ہمیں کچھ ہٹ کر کرنا ہوگا۔

شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ جو سرنڈر کررہے ہیں ان کو گلے لگاؤں گا، ہم نے اپنے گھر کو ٹھیک کرنا ہے، ہمارے 100 روزہ پلان میں نیشنل سیکیورٹی شامل ہے، سول ملٹری کوارڈی نیشن وقت کی ضرورت ہے۔

وزیر مملکت نے کہا کہ اسلام آباد اور پاکستان کو مافیا سے آزاد کرائیں گے، ایسی فارن پالیسی بنارہے ہیں جو ملکی مفادات کے مطابق ہوگی۔

تازہ ترین