آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
منگل3؍ربیع الثانی 1440ھ11؍دسمبر 2018ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک طرف جہاں ارجن کپور اور ملائکہ اروڑا کے تعلقات کی خبریں سوشل میڈیا اور بالی ووڈ میڈیا پر گرم ہیں، تو وہیں اب سشمیتا سین کے اپنے سے 15سال چھوٹے روہمن شال کے ساتھ نئے افیئر اور اگلے سال ان دونوں کی متوقع شادی کے چرچے ہیں۔ دیوالی کی تقریب ہو، تاج محل پر تصاویر ہوں یا پھرورک آؤٹ روٹین، سشمیتا اور روہمن ہر جگہ ایک ساتھ ہی نظر آتے ہیں۔شادی کی خبروں سے متعلق بالی ووڈ اداکارہ سشمیتا سین سوشل میڈیاپر ماڈل روہمن شال سےفوری طور پر شادی کی خبروں کو مستردکرچکی ہیںلیکن اس پوسٹ میں وہ روہمن شال سے اپنے تعلق کو نہیں چھپاپائیں۔ اداکارہ نے سوشل میڈیااکاؤنٹ پر اپنی فٹنس ویڈیو شیئر کیں، جس کے کیپشن میں درج تھا، ’’وہ فوری طور پر شادی کا ارادہ نہیں رکھتیں، ان کی شادی سے متعلق وائرل ہونے والی خبریں بے بنیاد ہیں‘‘۔ تاہم انہوں نے اپنی پوسٹ میں خود سے15سال کم عمر ماڈل سے تعلقات کی تصدیق کی اور کہا کہ وہ ان دنوں روہمن کے ساتھ رومانوی تعلقات میں ہیں۔

سشمیتاسین کے مداح جہاں ان کے نئے افیئرز سے آگاہ ہیں، وہیں ان کے پرانے افیئرز بھی کسی سے ڈھکے چھپے نہیں۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ان افیئرز کی تعداد ایک یا دو نہیں بلکہ 11روابط پر مشتمل ہے؟ آئیے اداکارہ کے ان افیئرز پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

وکرم بھٹ

سشمیتا سین کے بالی ووڈ کیریئر سے متعلق بات کی جائے تو اس کی ابتدا 1996ء میں فلم دستک سے ہوئی۔ کیریئر کے ابتدائی دور میں ہی ان کا نام ہدایت کار وکرم بھٹ کے ساتھ جڑا رہا، تاہم یہ ’’بے نام رشتہ ‘‘ جلد ہی ٹوٹ گیا۔ لیکن ان قربتوں کا اثر وکرم بھٹ کی نجی زندگی پر پڑا، جس کا اعتراف کرنے کے بعد ان کی اہلیہ نے طلاق لے کراپنی بیٹی کرشنا کی نگرانی بھی حاصل کرلی۔

سنجے نارنگ

ہدایت کار وکرم بھٹ کے ساتھ سشمیتا سین کا تعلق جتنا مختصر تھا، اتنا ہی بے اثر بھی کیونکہ اس اسکینڈل کے ختم ہوتے ہی سشمیتا کا نام بھارت کی معروف کاروباری شخصیت سنجے نارنگ کے ساتھ لیا جانے لگا۔ دونوں کی منگنی کی خبریں بھی آئیں، لیکن یہ رشتہ اچانک ٹوٹ گیا۔

رندیپ ہڈا

کہتے ہیں نا کہ پیار اندھا ہوتا ہے، سنجے نارنگ کے بعد سشمیتا کے عشق میں مبتلا ہونے والے رندیپ ہڈا کے ساتھ بھی کچھ ایساہی ہوا۔رندیپ ہڈا سشمیتا سے کئی برس چھوٹے ہونے کے باوجود ان کے پیار میں مبتلا ہوگئےلیکن یہ افیئر بھی دیگر کی طرح مختصر عرصہ ہی قائم رہا۔

مانو منین

ماضی میں سشمیتا کا ایک اسکینڈل مانو منین کے ساتھ بھی رہا۔ یہ تعلق خاصا گہرا ہونے کے باوجود کچھ عرصے کے بعد ختم ہوگیا۔

مدثر عزیز

رندیپ ہڈا سے رشتہ ختم ہوتے ہی سشمیتا کی نگاہیں مدثر عزیز کی محبت کو بھانپ گئیں۔ یہی وجہ تھی کہ بالی ووڈ اداکارہ سشمیتا سین نے فلم ”دلہا مل گیا“کے ڈائریکٹر کو اپنا بہترین دوست بنا لیا لیکن ان کے ساتھ بھی سشمیتا کی نہ بن سکی اور دونوں الگ ہو گئے۔

وسیم اکرم

بھارت کی سابقہ ملکہ حسن دنیا بھر کو اپنی خوبصورتی کے سحر میں مبتلا کرنے میں کامیاب رہیں لیکن جب بات آئی پاکستان کی خوبرو شخصیت یعنی سابق کرکٹر وسیم اکرم کی، تو یہاں سشمیتا اپنا دل وسیم اکرم کے آگے ہاربیٹھیں اورکیوں نہ ہارتیں، سابق کپتان کی شخصیت اتنی پرکشش جو ٹھہری۔ دونوں کی قربت کی خبریں بھارت سمیت پاکستانی میڈیا کی توجہ کا مرکزبنیں، تاہم بعض وجوہات کی بنا پردونوں کے راستے جدا ہوگئے۔

بنٹی سچدیو

بالی ووڈ کی خوبصورت اداکارہ کے ماضی میں سیلیبرٹی مینیجر بنٹی سچدیو کے ساتھ بھی تعلقات رہ چکے ہیں لیکن یہ تعلق بھی زیادہ عرصہ نہ چل سکا ۔ جن دنوں اس افیئر کا آغاز ہوا، بنٹی سشمیتا کے مینیجر کی حیثیت سے بالی ووڈ میں مشہور تھے۔ بنٹی سچدیو کے سوناکشی سنہا، نیہا دھوپیا اور دیا مرزاسمیت بالی ووڈ کی کئی حسیناؤں کے ساتھ افیئرز رہ چکے ہیں۔

امتیاز کھتری

امتیاز کھتری بھی سشمیتا سین کی افیئرز لسٹ میں شامل ہیں۔ سشمیتا سین نے باڈی بلڈر امتیاز کھتری کے ساتھ بھی کئی عرصہ تعلق قائم رکھا لیکن اس بے نام رشتے کا انجام بھی دیگر کی طرح ہی ہوا۔

سبیر بھاٹیا

سشمیتا اور ٹیکنالوجی ماہر سبیر بھاٹیا کے تعلقات کی بھی چہ مگوئیاں رہیں۔ ہاٹ میل ڈاٹ کام کے بانی سبیر بھاٹیا اور سشمیتا کا تعلق اگرچہ دیگر افیئرز کی طرح مختصر تھا لیکن یہ بیش قیمت تحائف اور دنیا کے خوبصورت ممالک کی سیر پر مشتمل تھا۔ ایک رپورٹ کے مطابق سبیر بھاٹیا نے اس دوران سشمیتا کو 10.5قیراط کی ہیرے کی انگوٹھی بھی پہنائی تھی۔

ریتھک بھاسن

سشمیتا سین پر نظر رکھنے والوں نے ان کے ایک اور افیئر کا راز فاش کیا۔ سشمیتا نائٹ کلب کے مالک ریتھک بھاسِن کے ساتھ کئی مرتبہ ہوٹلنگ کرتی بھی دیکھی گئیں۔

روہمن شال

سشمیتا سین کے افیئرز کی فہرست میں روہمن شال ایک نیا اضافہ ہیں، جو عمر میں سشمیتا سے 15سال چھوٹے ہیں۔ اب یہ تعلق بھی دیگر افیئرز کی طرح بے نام ہی رہے گا یا پھر شادی کے بندھن میں بندھے گا، اس حوالے سے کچھ کہنا قبل از وقت ہے لیکن تصاویر اور سشمیتا کی شیئر کردہ پوسٹ تو یہی بتاتی ہیں کہ انھیں بالآخر دلہا مل ہی گیا ہے۔

Chatاپنی رائے سے آگاہ کریں