• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے کئی علاقوں میں سردی کا موسم شروع ہوچکا ہے، خواتین کو موسم سرما شروع ہوتے ہی اپنی جِلد کی خوبصورتی اور اس کی حفاظت کی فکر لاحق ہوجاتی ہے، کیونکہ موسم گرما کے مقابلے میں موسم سرما میں جِلدکے مسائل میں اضافہ ہوجاتاہے۔

ماہرینِ امراض جِلد کے مطابق،سردیوں میں ہوا میں نمی کاتناسب کم ہوتا ہے اور یہ صورتحال انسانی جسم کی نمی کوکھینچ لیتی ہے اور لوگوں میں جِلد اور ہونٹوںکے خشک ہوجانے اور پھٹنے کی شکایات بڑھ جاتی ہیں۔ جسم کے دوسرے حصوں کی طرح سرکی جِلد بھی سردیوں میں خشک ہوجاتی ہے۔ کچھ لوگوں کی خشکی کی وجہ فنگس بھی ہوسکتاہے، جس کودور کرنے کیلئے ایک اچھے ماہرامراض جِلدسے رجوع کرنا چاہیے۔ ماہرین کے مطابق سرد موسم میں جِلد کی حفاظت پر تھوڑی سی توجہ دے کر اس کی خوبصورتی اور نکھار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

موئسچرائزر کا استعمال

سردیوں میں ایک اچھے موئسچرائزر کا استعمال بے حد ضروری ہے۔ خشک جِلد کی حامل خواتین کو ایسے موئسچرائزر کا انتخاب کرنا چاہیے جو جِلد کو مطلوبہ مقدار میں نمی فراہم کرے۔ حساس جِلد کو سردیوں میں خاص طور پر توجہ کی ضرورت ہوتی ہے۔ عام طور پر چکنی جِلد کی حامل خواتین کا خیال یہ ہوتا ہے کہ ان کی جِلد چونکہ چکنی ہے، لہٰذا وہ سردیوں میں خشک نہیں ہو گی اور نہ ہی اسے زیادہ دیکھ بھال کی ضرورت ہے، حالانکہ چکنی جِلد والی خواتین کو بھی، سردیوں میں باقاعدگی سے موئسچرائزر اور جِلد پر قدرتی اجزا کا استعمال کرنا چاہیے۔

میک اَپ کا استعمال

سرد موسم میں میک اَپ کرتے وقت بھی خاص خیال رکھنا چاہیے۔ میک اپ سے پہلے کسی معیاری موئسچرائزر کا استعمال کریں، تاکہ جِلد نرم و ملائم رہے اور میک اپ خشک اور پھٹا پھٹا محسوس نہ ہو۔ خشک جِلد پرمیک اَپ اچھی طرح بلینڈ نہیں ہو پاتا، جس کے نتیجے میں وہ ایک عجیب و غریب تاثر پیداکرتا ہے اور جِلد بھی کھر دری محسوس ہوتی ہے ۔

زیادہ گرم پانی خشکی بڑھاتا ہے

سردیوں میں گرم پانی سے نہانے کا مشورہ دیا جاتا ہے، تاہم یاد رکھنے والی بات یہ ہے کہ زیادہ گرم پانی بھی خشکی بڑھانے کا سبب بن سکتا ہے۔ بیسن سے نہانا بھی فائدہ مند ہوسکتا ہے، بیسن کو دودھ یا دہی کے ساتھ ملا کر لیپ کرلیں، یہ ایک بہترین کلینزر کاکام دیتا ہے۔ جِلد کی حفاظت کے لیے نہانے سے پہلے بے بی آئل یا کسی اور آئل کے چند قطرے پانی میں ڈال لیں اور اس کے ساتھ ساتھ کسی اچھے آئل سے جِلد کا مساج کرکے نہانا بھی بہتر ہے۔اس کے علاوہ، سردیوں میں صابن کا استعمال کم کریں، کیونکہ یہ قدرتی نمی کو کم کرتا ہے۔

نرم و ملائم جِلد

سردیوں میں جِلد کا خشک ہونا ایک عام سی بات ہے۔ یوں تو خشکی کا اثر تمام جسم پر ہی ہوتا ہے لیکن ہاتھ اورچہرہ کھلے رہنے کے باعث زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ اس کے لیے رات کو سونے سے پہلے عرق گلاب، گلیسرین اور لیموں کا رس برابر مقدار میں لے کر اس میں تھوڑا ساروغن بادام یا زیتون باہم ملا کر رکھ لیں اور اس کو ہاتھ اور منہ پر لگائیں۔ اس سے خشکی نہیں ہوگی اور جِلد نرم و ملائم رہے گی۔

ہونٹوں کی حفاظت

ہونٹ ہمارے چہرے کا ایک اہم حصہ ہیں۔ یوں تو سردی میں سب لوگوں کے ہونٹ خشک رہتے ہیں لیکن جن کی جِلد حساس ہوتی ہے، ان کے ہونٹ بری طرح متاثر ہوتے ہیں۔ اس مسئلے کے حل کے لیے آپ کو چاہیے کہ لپ بام کا استعمال کریں۔ ہونٹوں پر زبان نہ پھیریں، رات کو سونے سے پہلے ہونٹوں پر بالائی سے مساج کریں جبکہ دن میں زیتون کے تیل سے مساج کریں۔ اس کے علاوہ ناریل اور بادام کا تیل برابر مقدار میں ملا کر ہونٹوں پر لگانا بھی فائدہ مند ہوتا ہے۔

ہاتھوں کی جِلد کی حفاظت

جن لوگوں کی جِلدنازک ہے، سردیوں کے موسم میں ان کے ہاتھوں کی جِلد بہت اُترتی ہے۔ اس کے لیے ایک چمچ عرق گلاب میں دو بڑےچمچے گلیسرین اور ایک بڑے لیموں کا رس ملا کر کسی بوتل میں محفوظ کرلیں، رات کو سوتے وقت مساج کریں اور صبح دھولیں، پھر کوئی اچھا سا لوشن لگالیں۔ پانی کاکام کم کریں یا دستانے استعمال کریں۔

سر کی جِلد کی حفاظت

موسم سرما میںجسم کی جِلد کے ساتھ ساتھ سر کی جِلد بھی توجہ چاہتی ہے۔ اکثر اس موسم میں خشکی بڑھ جاتی ہے، بال روکھے اور بے جان معلوم ہوتے ہیں، اس کیلئے بال قدرتی طریقے سے سکھائیں، ڈرائر کا استعمال کم کریں۔ اس کے علاوہ چنبیلی کے تیل میں ایک لیموں کا رس ملا کرسر کی اچھی طرح مالش کرکے آدھ گھنٹہ بعد بال دھولیں۔ دہی میں تھوڑا سا تیل ڈال کر سر دھونے سے بھی فائدہ ہوتا ہے۔ دہی خشکی کو کم کرتا ہے لیکن ایک بات کا خیال رکھیں کہ کچھ لوگوں میں دہی کا استعمال کرنےسے خشکی بڑھ جاتی ہے، اگر آپ کے ساتھ بھی یہی مسئلہ ہوتو دہی استعمال نہ کریں۔

دھوپ سینکیں

اس موسم میں ہرکوئی جاڑوں کی دھوپ سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہے لیکن یہ بھی یاد رکھیں کہ ضرورت سے زیادہ دھوپ سینکنا نقصان دہ ہے۔ اگر آپ کو سردی زیادہ لگ رہی ہے اور آپ سن باتھ لینا چاہتی ہیں تو ضروری ہے کہ سن اسکرین لگالیں۔ اس سے آپ کی جِلد سورج کی نقصان دہ شعاعوں سے محفوظ رہے گی اور آپ دھوپ بھی سینک لیں گی۔اگر ان آسان اور مفید ٹوٹکوں پر آپ عمل کریں گی تو موسم سرما میں جِلد کی حفاظت کرنا آپ کیلئے کوئی مسئلہ نہیں رہے گا۔

تازہ ترین