• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غربت مٹاؤ پروگرام کے لئے ورلڈ بینک سے قرض لینے کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان نے غربت مٹاؤ پروگرام کے لئے ورلڈ بینک سے سوا چار کروڑ ڈالرز قرض لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والےاکنامک ایڈوائزری کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں اہم فیصلے کرلئے گئے ۔

ذرائع کے مطابق ای سی سی کا اجلاس بنی گالہ میں ہوا،جس میں نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبے کے لئے 5 ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نیا پاکستان ہائوسنگ منصوبے کے لئے رقم پی ایس ڈی پی کے تحت جاری کی جائے گی جبکہ غربت مٹاؤ پروگرام کے لئے عالمی بینک سے 42 ملین ڈالرز قرض لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق قرض لینے کی تجویز گزشتہ حکومت نے عالمی بینک کی متعلقہ ایجنسی کو بھجوائی تھی، موجودہ حکومت نے اس اقدام کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

اجلاس میں تعلیم، صحت، غربت کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے جامع اور معاشی بہتری کیلئے وسط مدتی ڈھانچہ جاتی فریم ورک کی منظوری دی گئی تاکہ کمزور طبقات کا تحفظ ممکن بنایا جاسکے ۔

ذرائع کے مطابق اس موقع پر نوجوانوں کو کار آمد شہری بنانے کے لئے جامع پلاننگ کا فریم ورک بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نوکریوں کی فراہمی اور برآمدات بڑھانے کی حکمت عملی جلدتیار کی جائے۔

اجلاس میں ایف بی آر کے پالیسی ونگ کو بھی الگ کرنے اورملک میں نیوٹریشن پروگرام فوری طور پر شروع کرنے کے فیصلے بھی کئے گئے ۔

ذرائع کے مطابق فیصلہ کیا گیا کہ وزیراعظم عمران خان 29 نومبر کو 100 روزہ پلان کے تحت اپنے فیصلوں کا اعلان کریں گے۔

تازہ ترین