• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا بھر میں آج’’لال سیب کھانےکا عالمی دن‘‘منایاجارہا ہے۔مشہور کہاوت تو آپ نے بھی سن رکھی ہوگی’روزانہ ایک سیب کااستعمال ڈاکٹرسے دور رکھتا ہے‘۔ لیکن خواتین بیماریوں سے دور رہنے کے ساتھ ہر دم تروتازہ، پُرکشش اور خوبصورت نظر آنے کی خواہش بھی رکھتی ہیں۔ لال سیب کھانا خوبصورتی بڑھانے، جوانی برقرار رکھنے اور دلکش نظر آنے کے لیے مددگار ہوتا ہے۔

جِلد کیلئے سیب ایک جادوئی پھل

امریکی ڈرماٹولوجسٹ کی رائے کے مطابق خواتین کو دن بھر میں آدھا کپ فروٹ جبکہ مردوں کو دو کپ فروٹ لازمی کھانا چاہیے۔ یہ پھل جِلد کے لیے ضروری اجزا وٹامنز، منرلز، پوٹاشیم اور فائبر کی فروانی کے لیے بے حد ضروری ہیں۔ لال سیب ایک ایسا ہی جادوئی پھل ہے، جو آپ کی جِلد کو یہ تمام ضروری اجزا فراہم کرنے اور اس کی تروتازگی بڑھانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

جھریوں سے حفاظت

لال سیب جسم میں وٹامن سی کی مقدار میں اضافہ کرتا ہےاور وٹامن سی ایک قسم کے پروٹین کولاجن کو بنانے کے لیے بے حد ضروری ہے۔ کولاجن ایک ایسا پروٹین ہے، جو ہمارے جسمانی خلیوںکو اس پوزیشن میں رکھنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس کی وجہ سے جِلد اپنے فعل احسن طریقوں سے ادا کرتی ہے اور لچکدار بھی رہتی ہے۔ امریکی جریدے میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کےمطابق تمام خواتین جن کی عمر 40برس سے زائد ہو اور ان کے چہرے اور گردن پر جھریاں نمودار ہورہی ہوں، ان کو چاہیے کہ وہ اپنی خوراک میں وٹامن سی کی مقدار کو بڑھادیں تو لال سیب کھائیںاور وٹامن سی میں اضافہ کریں۔

جِلد کی قدرتی چمک اور تازگی

لال سیب میں جِلد کو قدرتی چمک دینے اور تازگی بخشنے والے منرلز موجود ہوتے ہیں، جن میں سے ایک کاپر بھی ہے۔ کاپر جِلد کے لیے بہترین تصور کیا جاتا ہے اور ایک صحت مند انسان کو روزانہ 7فیصد کاپر کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایک بڑا لال سیب کاپر کی ضرورت پوری کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ کاپر جسم میںمیلانن کی تیاری کے عمل میں مددگارہوتا ہے۔ میلانن جِلد کو سورج کی الٹرا وائلٹ شعاعوں سے محفوظ رکھتا ہے، ساتھ ہی یہ جسم کے دوسرے ٹشوز کی تیاری میں بھی بہترین کردار ادا کرتا ہے۔

جِلد کے کینسر سے حفاظت

ایک لال سیب وٹامن اے کی قلیل مقدار بھی فراہم کرتا ہے، جو جِلد کی خشکی اور تھکاوٹ دور کرتا ہے۔لینس پالنگ انسیٹیوٹ کی جانب سے کی گئی تحقیق کے مطابق وٹامن اے جِلد کے کینسر کے خطرات کو کم کرتا ہے۔ یہی نہیں، وٹامن اے بڑھتی عمر کی وجہ سے پیدا ہونے والے جِلد کے مسائل کی روک تھام بھی کرتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ جِلد کو کیل مہاسوں ، چھائیوں اور جھریوں سے بھی محفوظ رکھتا ہے۔

اینٹی ا یجنگ

سیب ایک اینٹی ایجنگ پھل بھی ہے۔ امریکا میں ہوئی حالیہ تحقیق میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ روزانہ ایک لال سیب کھانے والا شخص عمر رسیدہ ہونے کے باوجود بوڑھا نہیں ہوتا،اس کی وجہ لال سیب میںموجودسینولائٹکس نامی کیمیکل ہے، جو بڑھاپے کے اثرات کو روکنے میں بہت معاون ہے۔ اس کے علاوہ اس میں موجود قدرتی کیمیکل انسان کے خلیات کو مضبوط بناتا ہے اور بڑھتی عمر کے ساتھ بننے والے سیلز ’سینیسنٹ‘ کو تباہ کردیتا ہے۔

لال سیب کی شوقین سیلیبرٹیز

لال سیب خوبصورت، ذہین اور صحت مند سیلیبرٹیز کی خوراک کا لازمی حصہ ہوتا ہے۔ اس کی وجہ سیب میں موجود غذائی اجزا او ر صحت پر پڑنے والے اثرات ہیں۔ اس میں موجود غذائیت جہاں جِلد کو توانائی پہنچاتی ہے، وہیںاس میں موجود اجزا انسانی صحت کے لیے انتہائی ضرور ی سمجھے جاتے ہیں۔آئیے جانتے ہیں مشہور سیلیبرٹیز لال سیب کا استعمال کیسے اور کب کرتی ہیں۔

٭ہالی ووڈ کی مشہور اداکارہ ڈیمی مور سیب قاشیں کاٹ کر کھانا پسند کرتی ہیں،ان کا کہنا ہے کہ میٹھے کے طور پروہ سیب کو پی نٹ بٹر کے ساتھ استعمال کرتی ہیں۔یہ ہلکا پھلکا اسنیک آپ کی ڈائٹ کو متاثر کیے بغیر جسم میں شوگر کی ضرورت پوری کردیتا ہے۔

٭مشہور ہالی ووڈ اداکارہ نتالیانے پہلے بچے کی پیدائش کے بعد جس ڈائٹ کے ذریعے 25کلوگرام وزن کم کیا وہ سیب پر مشتمل ہی تھی۔

٭امریکی اداکارہ اور ماڈل میگان فوکس اور امریکی گلوکارہ فرجائی اپنی ڈائٹ میں سیب کے سرکے کا استعمال باقاعدگی سے کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سیب کا سرکہ میٹابولزم بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

٭کرسٹن منر و سیب سے متعلق کہتی ہیں سیب غذائی فائبر کا بہترین مجموعہ ہے، اس میں فیٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سیب ان کے پسندیدہ پھلوں میں سے ایک ہے۔

تازہ ترین