• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ کا علیمہ خان کی جائیداد پر کمیٹی کی کارکردگی پر عدم اطمینان

سپریم کورٹ نے وزیر اعظم عمران کی بہن علیمہ خان کی دبئی جائیداد سے متعلق اسپیشل کمیٹی کی کارکردگی پرعدم اطمینان کا اظہار کردیا، کہا ایف بی آر اور ایف آئی اے کی مشترکہ کمیٹی نے عدالت کے حکم پر عمل نہیں کیا، چیئرمین ایف بی آر کو علیمہ خان کے خلاف کارروائی سے متعلق رپورٹ تیرہ دسمبر تک پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا لگتا ہے عدالت کی ایک ماہ کی محنت پرجان بوجھ کر پانی پھیر دیا گیا ہے۔ پاکستانیوں کے بیرون ملک اکاؤنٹس سے متعلق کیس میں چیئرمین ایف بی آر اور ممبر انکم ٹیکس کو توہین عدالت کے نوٹس جاری کرتے ہوئے تین دن میں جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے پاکستانیوں کے بیرون ملک اثاثوں سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا علیمہ خان کے کیس کا کیا ہوا؟

ڈی جی ایف آئی اے نے کہا منگل تک کی مہلت دیں، تین دن میں کمیٹی بنا کر عدالت کو تفصیلات پیش کردیں گے۔

چیف جسٹس نے کہا کیا ایف بی آر پیسہ ملک سے باہر لے جانے والوں کو بچانا چاہتا ہے، علیمہ خان کے خلاف کیا کارروائی ہوئی؟

ممبر آپریشن ایف بی آر نے کہا علیمہ خان کے خلاف لاہور آفس کو کارروائی کا کہہ دیا ہے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ایف بی آر کو لاہور نہیں یہاں کارروائی کا کہا تھا، چیف جسٹس نے کہا ممبرآپریشن آپ کیسے افسر ہیں؟ آپ عدالت کو کنفیوز کرنا چاہتے ہیں، لگتا ہے ایف بی آربھی ملا ہوا ہے، کیس میں تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں، ایف بی آر نے ایف آئی اے کی محنت بھی سرد خانے میں ڈال دی۔

عدالت نے ایف بی آر سے علیمہ خان کی بیرون ملک جائیداد سے متعلق 13 دسمبر تک رپورٹ طلب کرلی۔

دوران سماعت چیف جسٹس نے کہا عدالت نے دبئی میں جائیداد خریدنے والے 20 لوگوں کا جائزہ لینے کا حکم دیا تھا۔

چیرمین ایف بی آر نے کہا دبئی میں جائیداد خریدنے والے 20 میں 14 افراد کے خلاف مزید کاروائی کی تجویز ہے۔

چیف جسٹس نے کہا اب تک کیا کاروائی کی، اسپیشل کمیٹی کی رپورٹ کدھر ہے؟ چیف جسٹس کا چیرمین ایف بی آر اور ممبر انکم ٹیکس پر برہمی کا اظہارکیا اور توہین عدالت کے نوٹس جاری کرتے ہوئے تین دن میں جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

کیس کی مزید سماعت 13 دسمبر کو ہوگی۔

تازہ ترین