• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپریشن سے متاثرہ تاجروں کو جلد متبادل جگہ دی جائے گی،میئر کراچی

کراچی (اسٹاف رپورٹر )میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ متاثرہ تاجروں کو جلد متبادل جگہ دی جائے گی، حکومت سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ سنجیدہ کوشش کر رہے ہیں تاہم اس میں تھوڑا وقت لگے گا تاجر مطمئن ہوں اگر میں یہ سمجھتا کہ اس مسئلے میں حکومت سنجیدہ نہیں تو سب سے پہلے میں احتجاج کرتا، اب جب حکومت سنجیدگی سے کوشش کر رہی ہے تو ہر ایک متاثرہ دکاندار کو ضرور متبادل جگہ ملے گی جو مستقل ہوگی، وزیر اعلیٰ سند ھ کی ہدایت پر قائم کمیٹی وزیر بلدیات سعید غنی کی سربراہی میں کام کر رہی ہے جس کے دو اجلاس ہوچکے ہیں متاثرہ تاجروں کو جلد متبادل جگہ دی جائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اپنے دفتر میں سندھ تاجر اتحاد کے چیئرمین جمیل پراچہ کی قیادت میں مختلف علاقائی تاجر انجمنوں کے نمائندوں پر مشتمل ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ متبادل دینے کا تمام کام کمشنر ہائوس میں ہوگا جس میں سرکاری افسران مقرر کر رہے ہیں ایک ذیلی کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے وقار مہدی کی سربراہی میں اس نے بھی کام شروع کردیا ہے، اس کام کی مکمل نگرانی ہو رہی ہے اور یہ کام سو فیصد شفاف طریقے سے ہوگا، انہوں نے تاجروں سے کہا کہ وہ اس کمیٹی میں شمولیت کے لئے اپنے نمائندے بھی تجویز کریں ہر مارکیٹ کا ایک ایک نمائندہ اس کمیٹی میں ہونا چاہئے انہوں نے کہا کہ بعض لوگ اس سنجیدہ مسئلے پر ذاتی سیاست کر رہے ہیں وہ درست نہیں ہے، حکومت اس میں سنجیدہ ہے کہ لوگوں کو متبادل ملے انہوں نے کہا کہ تاجر اپنی چیزوں کو خود درست کریں تاکہ عملے کو کارروائی نہ کرنی پڑے ہم نہیں چاہتے کہ کسی کو بلاوجہ تکلیف ہو۔

تازہ ترین