• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دورئہ جنوبی افریقا، عابدعلی کیلئے قومی ٹیم میں جگہ بنانا مشکل

کراچی (عبدالماجدبھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان اے کی جانب سے اور ڈومیسٹک کرکٹ میں رنز کے ڈھیر لگانے والے اوپنر عابد علی کی منزل دور نظر آرہی ہے۔ دورئہ جنوبی افریقا کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان جمعے کو متوقع ہے۔ ذمے دار ذرائع اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ عابد علی کو محمد حفیظ کی ریٹائر منٹ کے باوجود ٹیسٹ ٹیم میں جگہ ملنا مشکل دکھائی دے رہی ہے۔ سلیکٹرز اور ٹیم انتظامیہ تین اوپنرز امام الحق، شان مسعود اور فخر زمان کو شامل کرنے کے حق میں ہیں۔ مکی آرتھر نے سلیکٹرز کو بتایا ہے کہ عابد کی فٹنس زیادہ اچھی نہیں ہے۔ قومی اکیڈمی بھیج کر ان کی فٹنس پر کام کیا جائے گا۔31سالہ عابد علی نے جمعرات کو حبیب بینک کیلئے قائد اعظم ٹرافی فائنل میں134رنز بنائے تھے۔ عابد علی کا تعلق لاہور سے ہے۔ اس سال انہوں نے پاکستان اے کی جانب سے نیوزی لینڈ اے کے خلاف 81،61 اور 105ناٹ آئوٹ رنز بنائے۔ انگلینڈ لائنز کے خلاف 113اور ون ڈے میچ میں140رنز کی اننگز کھیلیں ۔ ذرائع کے مطابق فخر زمان کے فٹ ہونے کے بعد عابد علی کا کیس کمزور ہوگیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیسٹ ٹیم میں آف اسپنر بلال آصف کو بھی جگہ برقرار رکھنا مشکل ہے۔ فاسٹ بولر محمد عباس، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، فہیم اشرف، وقاص مقصود ، عثمان خان شنواری اور محمد عامر کے درمیان مقابلہ ہے۔ چھ فاسٹ بولر ٹیم میں شامل ہوں گے۔ سرفراز احمد کے ساتھ وکٹ کیپر محمد رضوان کو بھی رکھا جائیگا ۔ مڈل آرڈر بیٹنگ میں اظہر علی، اسد شفیق، بابر اعظم، حارث سہیل، سعد علی اور سرفراز احمد شامل ہوں گے۔ جمعے کو مکی آرتھر سے ٹیلی فونک میٹنگ کے بعد ٹیم کا اعلان کردیا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم ہفتے کو وطن واپس آئے گی اور چھ دن بعد جوہانسبرگ کے لئے روانہ ہوجائے گی۔ 

تازہ ترین